اولیائے کرام نے ہر دور میں اپنے کردارو اخلاق سے معاشرے کو سنوارا،سید فلک شیر بخاری
چھانگامانگا(نامہ نگار) اولیائے کرام نے ہر دور میں اپنے کردار اور اخلاق سے معاشرے کو سنوارا ہے انسانیت کی خدمت کرنے کے ساتھ ساتھ دین کی تبلیغ کا فریضہ بھی سرانجام دیا ہے جس کی بدولت لوگوں کے دل اسلام کی طرف مائل ہوئے ان خیالات کا اظہار آستانہ عالیہ پیر سید فلک شیر بخاری آف بھوئے آصل کے سجادہ نشین پیر سید عبادت علی شاہ بخاری نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ دلوں میں عشق مصطفی ؐ کی شمع روشن ہونے سے لوگوں کو امن، سلامتی، رواداری اور صاف گوئی نصیب ہوتی ہے مملکت خدادادپاکستان دراصل اولیائے کرام کا ہی فیضان ہے۔ مگر اس دور میں دشمنان اسلام مختلف حیلوں بہانوں سے تصوف اور اولیائے کاملین کی محبت جو لوگوں کے دلوں میں اللہ نے راسخ کی ہوئی ہے ختم کرنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں کیونکہ یہ ایسا ادارہ ہے جو لوگوں کو اسلام سے جوڑے ہوئے ہے اور اغیار کو اسلام کا یہ حسن ایک آنکھ نہیں بھاتا مگر جن کا ذکر اللہ تعالیٰ نے خود بلند کردیا ہے ان کا ذکر کیسے مٹایا جاسکتا ہے ہمیں اپنے اسلاف کی محبت اور ان کی دینی خدمات کو اپنی نسل نو تک فریضہ سمجھ کر پہنچانا چاہیے تاکہ آنے والے دور میں اسلام کا صحیح تصور مسخ نہ ہو اور دشمنان دین اپنے خود ساختہ عقائد مسلط نہ کرسکیں۔