متروکہ وقف املاک حلف نامہ، ملازمین کو وفاقی وزیر، چیئر مین سے نوٹس لینے کا مطالبہ
لاہور(خبر نگار)متروکہ وقف املاک بورڈ بیان حلفی جمع کروانے کا معاملہ پر ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی،تفصیلات کے مطابق رواں ماہ کی تین تاریخ کو وفاقی حکومت کی ہدایت کو بنیاد بنا کر متروکہ وقف املاک بورڈ کے گریڈ1سے19کے ملازمین کو بیان حلفی جمع کروانے کا حکم دیا گیا جس کے بعد ادارے کے ملازمین میں بے چینی پائی جارہی ہے اس سلسلے میں ملازمین نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امورو بین المذاہب ہم آہنگی،وفاقی سیکرٹری اور چیئرمین بورڈ سے اس حلف نامہ کے حوالے سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق متروکہ وقف املاک بورڈ میں تعینات ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن شاہد بشیر کی جانب سے مراسلہ میں گریڈ 1سے19کے ملازمین سے حلف نامے طلب کئے گئے تھے۔ حلف نامہ 7نکات پر مشتمل ہے جس میں کہا گیا ہے میں کسی بھی غیر متعلقہ شخص اور نجی ادارے کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے کوئی بھی حکومتی یا ادارہ جاتی معلومات،خطوطو دیگر اہم دستاویزات شیئر یا جاری نہیں کروں گا، خلاف ورزی پر میرے خلاف مکمل تادیبی کارروائی کی جائے اور ایسی کارروائی کو کسی بھی عدالت یا قانونی فورم پر چیلنج نہیں کر سکوں گا، حلف نامے کو نان گزیٹٹڈ ملازمین کے علاوہ افسران نے بھی مسترد کرتے ہوئے اس کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ حلف نامہ کے بارے میں چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ عطاء الرحمن نے کہا ہے کہ مراسلہ جاری کرنے کی منظوری میرے آفس سے نہیں لی گئی اور نہ ہی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے ہدایات پر مبنی مراسلہ جاری کیا گیا ہے،اس سلسلے میں بورڈ انتظامیہ سے قواعد کے مطابق باز پرس کی جائے گی۔
متروکہ وقف املاک