ڈینگی سیزن اس وقت عروج پرہے، عدیل شاہ
پشاور(سٹاف رپورٹر)سیکرٹری ہیلتھ عدیل شاہ نے صوبے میں جاری انسداد ڈینگی کاروائیوں بارے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈینگی کے روک تھام کیلئے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔ عوام ڈینگی کے سدباب میں ہمارا ساتھ دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈینگی سیزن اس وقت عروج پرہے۔ عوام احتیاطی تدابیر اپنا کر ڈینگی کے روک تھام میں محکمہ صحت کا ساتھ دیں۔ عدیل شاہ کے مطابق ڈینگی کی تشخیص کیلئے ہسپتالوں کو اب تک 80 ہزار کٹس فراہم کی جاچکی ہیں جبکہ ڈینگی و ملیریا کنٹرول کیلئے پچھلے سال تین لاکھ سے زائد مچھردانیاں بھی تقسیم کی گئی ہیں۔ ڈینگی مچھروں کیخلاف سپرے کیلئے 640 لٹر مچھر کُش ادویات فراہم کی گئی ہے۔ ڈینگی کیخلاف فیمیگیشن کیلئے 12 سو لیٹر سے زائد مچھر کُش کیمیکل مہیا کیا گیا ہے۔ ڈینگی لاروا کو تلف کرنے کیلئے 11 کلو ٹیموفوس کیمیکل بھی مہیا کیا گیا ہے۔ دوسری جانب محکمہ صحت سے جاری ڈینگی جائزہ رپورٹ کے مطابق صوبے میں اس وقت ڈینگی کے فعال کیسز کی تعداد 372 ہے جن میں صرف 21 ہسپتال میں داخل ہیں - صوبے میں اب تک ڈینگی کے 760 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق اب تک ڈینگی میں مبتلا 388 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ پچھلے 24 گھنٹوں میں 72 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے جن میں چار مریض ہسپتال میں داخل ہوئے جبکہ باقی گھر پر زیر علاج ہیں۔ ڈینگی سے اب تک دو اموات واقع ہوئی ہیں۔ اس وقت پشاور 218 اور ایبٹ آباد 106 ڈینگی کیسز کیساتھ سرفہرست ہے۔