کھجور کی افادیت!

  کھجور کی افادیت!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ایک صحابی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاس آئے اور عرض کی جس کا مفہوم ہے کہ:

میرا ایک پڑوسی ہے۔اس کے کھجور کے درخت کی چند شاخیں ٹیڑھی ہو کر میرے گھر میں آئی ہوئی ہیں۔ اس پر جب پھل لگتا ہے اور ٹوٹ کر گرتا ہے تو میرے بچے اٹھا لیتے ہیں۔ ہم غریب ہیں   وہ بھاگتا ہوا آتا ہے اور آکر میرے بچوں کے منہ میں سے کھجور کو نکال لیتا ہے۔ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آپ اس کو کہیں کہ میرے چھوٹے چھوٹے بچوں پر اتنی زیادتی نہ کرے۔آپؐ نے اسے بلایا وہ منافق تھا۔ آپؐ نے فرمایا بھئی ایک سودا کرتے ہو؟ اس نے پوچھا کون سا سودا؟ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا یہ کھجور کا درخت مجھے دے دو، اس کے بدلے میں تمہیں جنت میں کھجور کا درخت لے دونگا۔ وہ کہنے لگا یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یہ اصل میں میرے بچوں کو بہت پسند ہے۔ اگر کوئی اور کھجور ہوتی تو میں دے دیتا تو اس کے لئے میری معذرت ہے،یہ کہا اور چلا گیا۔

ایک صحابی بیٹھے تھے ابو دحداح ؓوہ کہنے لگے۔

یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اگر میں وہ کھجور کا درخت لے دوں تو آپؐ مجھے جنت میں کھجور کا درخت لیں دیں گے؟ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ہاں تو مجھے یہ کھجور کا درخت لے دے، اس کے بدلے میں تمہیں جنت میں کھجور کا درخت لے دوں گا۔ وہ صحابی اٹھ کر اس منافق کے پیچھے چلے گئے، اسے بلایا اور کہا اے بھائی بات سنو۔ کھجور کا درخت کتنے کا بیچو گے؟ اس نے کہا میں نے اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو نہیں دیا، تمہیں کیسے دے دوں؟انہوں نے کہا اچھا بھائی منہ سے بول کتنے پیسے لو گے تو اس نے جان چھڑانے کے لیے کہا کہ اپنا سارا باغ مجھے دے دو اور یہ ایک کھجور کا درخت لے لو۔ ان کے باغ میں 600 کھجور کے درخت تھے،وہ بولے، اپنی بات پر پکے ہو؟ سودے سے پھرو گے تو نہیں؟ کہا میں پاگل ہوں کہ میں مکر جاؤں گا، مجھے 600 کھجور کے درخت مل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا مجھے منظور ہے۔ یہ کھجور کا درخت میرا اور میرا سارا باغ تیرا۔

ابو دحداحؓ گئے اور باغ کے باہر کھڑے ہو گئے اندر بھی داخل نہیں ہوئے اور جیب میں جو پیسے تھے وہ بھی زمین کے اندر ڈال دیئے کہ یہ بھی باغ کی کمائی ہے اور اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے باغ کا جنت کے بدلے سودا کر لیا، آپ نے  اپنی بیوی کو آواز دی باہر آؤ یہ باغ اب ہمارا نہیں ہے۔ اس باغ کا اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ سودا کر آیا ہوں۔ بیوی نے جب اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نام سنا تو وہ بھی بچوں کو لے کر باغ سے باہر آ گئی اور کہا تم نے بہت خوبصورت سودا کیا ہے۔

حضرت ابو دحداحؓ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاس گئے اور عرض کی یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں نے سودا کر لیا ہے۔ فرمایا ابو دحداح کیسے کیا سودا؟ کہا یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنا سارا باغ دے دیا اور وہ کھجور کا درخت لے لیا۔ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا پھر میرا سودا بھی بدل گیا اور فرمایا میرے ساتھی میں اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھ رہا ہوں، اللہ نے تیرے لیے جنت میں ایک محل نہیں سینکڑوں محل بنا دیے ہیں اور ایک باغ نہیں ہزاروں باغ تیرے لیے تیار کر دیئے ہیں، پھر جب حضرت ابو دحداحؓ فوت ہوئے تو اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:میں اپنی آنکھوں سے دیکھ رہا ہوں ایک لاکھ جنت کے کھجور کے درخت ابو دحداحؓ کے جنازے کے اوپر جھکے ہوئے ہیں) صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم.!!!

کھجور کو اپنی افادیت کے حوالے سے سپرفوڈ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا۔ ہزاروں برس سے یہ صحت بخش میوہ انسانیت کا دوست ہے اور اب سائنسی تحقیق سے اس کے مزید ایسے فوائد سامنے آئے ہیں جن سے ہم ناواقف تھے۔اپنے اندر غذائی حراروں سے مالامال کھجور پورا دن انسان کو توانائی فراہم کرتی ہے اور اب بھی دنیا کے کئی معاشروں میں روزانہ کے معمولات میں شامل ہیں۔ اس میں مفید شکریات، وٹامن اے، وٹامن بی سمیت بے پناہ قوت پائی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ کیلشیئم، تانبے، سلفر اور میگنیشیئم کی بڑی مقدار اس میں پائی جاتی ہے۔ تاہم کھجور کھانے کے چند اہم فوائد یہ ہے۔

فطری پیدائشی عمل میں مددگار: جو مائیں دورانِ حمل کھجور کھانے کو معمول بنالیں ان میں فطری طریقے سے زچگی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ کھجور میں کئی اقسام کے منرلز پائے جاتے ہیں جو اس عمل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ کیمیائی اجزاء بچے کی پیدائش کے دوران آکسی ٹائسن کی ضرورت کم کرتے ہیں۔

دماغی ٹانک: کھجور میں ایسے اجزاء پائے جاتے ہیں جو دماغ کی حفاظت کرتے ہیں۔ دماغ میں پیدا ہونے والا سوزشی عنصر، انٹرلیوکِن نہ صرف دماغ کے لیے مضر ہوتا ہے بلکہ یہ تناؤ کی وجہ بھی بنتا ہے۔ کھجور میں شامل اہم اجزاء انٹرلیوکن اور دیگر مضر سائٹوکِن کا قلع قمع کرنے میں بہت معاون ہیں۔

ذیابیطس میں مفید: کھجوریں انسانی جسم میں جاکر انسولین کے افراز کو بڑھاتی ہیں اور اس سے ذیابیطس کا خطرہ بھی دُور ہو جاتا ہے۔ باقاعدہ کھجور کھانے سے آپ ذیابیطس سے بچ سکتے ہیں اور اسے احتیاطی (پریوینٹو) طب میں نمایاں مقام حاصل ہے۔

گردوں کی محافظ: ایک سائنسی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ کھجور گردوں کے لیے بھی بے حد مفید ثابت ہوتی ہے۔ کھجوروں میں موجود کچھ اجزاء خون میں کریٹینائن کو کم کرتے ہیں جن کی بڑھی ہوئی مقدار گردوں کو نقصان پہنچاتی ہے۔

کھجور اور ہڈیوں کی صحت:جیسا کہ اوپر بیان کیا گیا ہے کہ کھجور میں سیلینیئم، مینگنیز، میگنیشیئم اور تانبا وغیرہ وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ اس سے ہڈیوں کی بڑھوتری اور مضبوطی بڑھتی ہے۔ کمزور ہڈیوں والے افراد کو چاہئے کہ وہ کھجور ضرور کھائیں کیونکہ یہ ہڈیوں کے لئے بہترین ٹانک ہے۔

جلد کے لیے مفید: کھجور میں وٹامن سی اور ڈی سمیت کئی اہم وٹامنز پائے جاتے ہیں جو جلد کو بہتر کرتے اور اسے مزید خوبصورت بناتے ہیں۔ وٹامن سی اور ڈی ویسے بھی انسانی جسم کے لیے بہت اہمیت رکھتے ہیں لیکن یہاں یہ جلد کی لچک بڑھاتے ہیں۔

کھجور اور صحتِ معدہ: کھجور میں فائبر بڑی مقدار موجود ہے جو قبض دُور کرکے نظامِ ہاضمہ کو بہتر بناتی ہے۔ اسے اگر اعتدال میں استعمال کیا جائے تو یہ انسانی جسم کے جملہ افعال میں فائدہ مند ہے۔اچھی بات یہ ہے کہ کھجوریں پورا سال آسانی سے دستیاب ہوتی ہیں جو انسانی جسم کے لئے بے شمار فوائد کی حامل ہے۔

بہت زیادہ مقوی:کھجور میں متعدد غذائی اجزاء جیسے پروٹین، کاربوہائیڈریٹس، فائبر، وٹامن اے، وٹامن بی 6، کاپر، میگنیشم، پوٹاشیم اور Manganese  جیسے اجزا موجود ہوتے ہیں۔

گردوں کے تکلیف دہ امراض میں فائدہ مند: اس کے ساتھ ساتھ فینولک ایسڈز (یہ اینٹی آکسائیڈنٹس ہوتے ہیں)، کیروٹین اور کئی قسم کے اور بھی مرکبات کھجور میں پائے جاتے ہیں۔چونکہ یہ پھل اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے تو صحت کے لیے متعدد پہلوؤں سے مفید ثابت ہوتا ہے۔

فائبر سے بھرپور: غذا میں مناسب مقدار میں فائبر کے استعمال سے صحت کو بہت زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔

 کھجور کی 100 سے زیادہ اقسام ہیں جو اپنے ذائقے اور غذائیت میں مختلف ہوتی ہیں۔دنیا بھر میں کھجور کی مختلف اقسام پائی جاتی ہیں، کھجور کو صحت کے فوائد کی وجہ سے سپر فوڈ کہا جاتا ہے۔یہ ایک نرم، چبانے والا، میٹھا، غذائیت سے بھرپور اور مزیدار پھل ہے جو مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ جیسے ممالک میں اگتا ہے۔ آج کل، کھجور کو دنیا بھر میں مختلف مصنوعات اور کھانے کی اشیاء میں قدرتی میٹھے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔جیسے شیک، اسموتھیز، نیوٹریشن بارز، کیک اور مختلف بیکری آئٹمز میں شامل ہوتا ہے۔ کھجور وٹامنز اور معدنیات کا بھرپور ذریعہ ہے جو اچھی صحت کو برقرار رکھنے میں مدد کرتی ہے۔ کھجور کی بہت سی قسمیں ہیں، لیکن لوگ ان تمام اقسام سے واقف نہیں ہیں۔ہر قسم کی کھجور کا ذائقہ، ساخت اور ظاہری شکل ایک دوسرے سے الگ ہوتی ہے۔ اگر آپ بھی اس لذیذ پھل کو استعمال کرتے ہیں تو آپ کھجوروں کے نام اور ان کی کچھ مشہور اقسام کے متعلق ضرور جانتے ہوں گے۔ 

 تحقیق کے مطابق روزانہ 60 سے 80 گرام کھجور کھانا صحت کے لیے بہت مفید ہے۔دنیا بھر میں کھجور کی سو سے زیادہ اقسام ہیں، لیکن اس کی17 اقسام ذائقے، ساخت اور ظاہری شکل میں باقیوں سے بہتر ہیں۔ 

سعودی عرب کے علاقے بریدہ کے "مدینہ التمور" میں گیارہ ملین سے زیادہ کھجوروں کی مارکیٹنگ کی گئی ہے۔

سعودی عرب کی وزارتِ ماحولیات و پانی و زراعت القصیم کے ڈائریکٹر عبدالعزیز الرجیعی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں ہر سال کھجور فیسٹیول لگتا ہے، کھجور فیسٹول کا مقصد کاروباری  سرگرمیوں اور کھجوروں کے سالانہ سودوں کا حجم بڑھانا ہے"۔ بریدہ کھجورفیسٹول کے ایگزیکٹیو چیئرمین ڈاکٹر خالد النقیدکا کہنا ہے کہ "بریدہ کھجور فیسٹول کثیر المقاصد ہے۔ اس میں ایک طرف تو انواع و اقسام کی کھجوروں کی نمائش ہوتی ہے دوسری جانب متعدد ثقافتی، سماجی، تفریحاتی اور آگہی پروگرام بھی ہوتے ہیں۔ ان پروگراموں میں چار ہزار سے زیادہ نوجوان شریک ہوتے ہیں۔ ہنر مند اور دستکار خاندانوں کے افراد بھی فیسٹول میں شامل ہوتے ہیں۔ 

                      ٭٭٭

final

مزید :

ایڈیشن 1 -