کھچڑی میں چھپکلی گر کر پکنے سے 81 افراد ہسپتال پہنچ گئے

Sep 29, 2024 | 03:48 PM

پٹنہ(ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارتی ریاست بہار کے دو اضلاع بیتیا اور نوادہ میں زہریلا کھانا کھانے سے کم از کم 81 افراد ہسپتال پہنچ گئے۔
نجی ٹی وی اے آروائی نے بھارتی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ ضلع نوادہ کے گاوں مہولی کے ایک چائلڈ کیئر (آنگن واڑی) سینٹر میں زہریلی کھچڑی کھانے کے سبب 2 سے 5 سال کی عمر کے 11 بچے اور ایک خاتون کی طبیعت خراب ہو گئی، جنھیں فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا۔
نوادہ کے مرکزی ہسپتال کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اجے کمار کے مطابق یہ واقعہ مرکز میں دوپہر کے کھانے کے دوران پیش آیا، جہاں بچوں کے لئے کھچڑی (چاول اور دال کی ڈش) تیار کی گئی تھی۔
ڈاکٹر اجے کمار کے مطابق تمام افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی اور پھر انھیں گھر بھیجا گیا، تحقیقات پر پتا چلا کہ کھچڑی میں ایک مردہ چھپکلی ملی تھی، جس کی وجہ سے کھانا زہریلا ہو گیا تھا۔
ایک اور واقعے میں مغربی چمپارن کے علاقے بیتیا میں واقع انجینئرنگ کالج میں تقریباً 70 طلبہ بیمار ہو کر ہسپتال پہنچ گئے، معلوم ہوا کہ انھیں بھی جو کھانا پیش کیا گیا تھا اس میں ایک مردہ چھپکلی پائی گئی۔
انجینئرنگ کے ایک طالب علم امیت کمار نے میڈیا کو بتایا کہ وہ بوائز ہاسٹل میس میں کھانے کے لئے گئے تھے، جہاں مینو میں چکن اور چاول تھے، جب وہ کھانا کھا رہے تھے تو ایک طالب علم کو اپنی پلیٹ میں ایک مردہ چھپکلی ملی۔ ایک طالب علم نے کہا کہ اس رات تقریباً ڈیڑھ سو طلبہ نے کھانا کھایا تھا۔
کھانا کھانے کے بعد بہت سے طلبہ کو الٹیاں شروع ہو گئیں، کچھ طلبہ سر اور پیٹ میں درد کی شکایت کرنے لگے اور ستّر سے زائد طلبہ کو ہسپتال لے جایا گیا۔
ان واقعات سے ریاست بہار کے سرکاری اداروں میں فوڈ سیفٹی کے طریقوں پر تشویش پیدا ہو گئی ہے۔ طلبہ نے ہاسٹل میس میں کیٹرنگ کے عملے کے حفظان صحت کے معیارات پر بھی تشویش کیا اظہار کیا۔

مزیدخبریں