بلوچستان حکومت نے موسیٰ خیل سے مزدوروں کے اغوا ءکی اطلاعات غیرمصدقہ قرار دیدیں

Sep 29, 2024 | 04:07 PM

کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن ) بلوچستان حکومت نے موسیٰ خیل سے مزدوروں کے اغوا ءکی اطلاعات غیرمصدقہ قرار دے دیں۔
 اس حوالے سے اپنے بیان میں ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کہ موسیٰ خیل سے مزدوروں کے اغوا ءکی اطلاعات غیر مصدقہ ہیں، ضلع انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز مذکورہ علاقے میں پہنچ چکے ہیں، کمشنر لورالائی کے مطابق سردست مزدوروں کے اغواء کا کوئی ثبوت نہیں ملا، 4 مزدور خوف سے چھپ گئے جنہیں تلاش کرلیا گیا ہے۔
قبل ازیں یہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ صوبہ بلوچستان کے علاقہ موسیٰ خیل میں نامعلوم مسلح افراد نے 20 سے زائد مزدور اغواء کرلیے، میڈیا رپورٹس میں پولیس کا کہنا تھا کہ موسیٰ خیل میں مسلح افراد نے قومی شاہراہ پر گیس کمپنی کے کیمپ پر فائرنگ کی اور اس کے بعد 20 سے زائد مزدوروں کو اغواء کرکے اپنے ساتھ لے گئے، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر واقعے کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

مزیدخبریں