پاکستان کی سفارتی فتح: چین، روس، ایران کی بھی افغانستان سے دہشتگردی کی تصدیق

پاکستان کی سفارتی فتح: چین، روس، ایران کی بھی افغانستان سے دہشتگردی کی تصدیق
پاکستان کی سفارتی فتح: چین، روس، ایران کی بھی افغانستان سے دہشتگردی کی تصدیق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نیویارک (ڈیلی پاکستان آن لائن )چین، روس اور ایران نے تصدیق کی ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، مجید بریگیڈ اور بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) سمیت متعدد دہشت گرد گروپ افغانستان سے کام کر رہے ہیں اور پڑوسی ممالک کے لئے خطرے کا باعث ہیں۔ 
ایکسپریس نیوز کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر سائیڈ لائن پر پاکستان، چین، روس اور ایران کے وزرائے خارجہ کا چار فریقی اجلاس ہوا۔
اجلاس کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ بیان کے مطابق چاروں وزرائے خارجہ نے افغان طالبان کے ٹی ٹی پی سمیت کسی بھی دہشت گرد گروپ کو پناہ نہیں دینے کے دعوﺅں کو مسترد کر دیا۔
چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ نے افغانستان میں دہشت گردی سے متعلق سکیورٹی کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد گروپس داعش، القاعدہ، مشرقی ترکستان اسلامک موومنٹ (ای ٹی آئی ایم)، تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، جیش العدل، بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور مجید بریگیڈ افغانستان میں چھپے ہوئے ہیں اور علاقائی و عالمی سلامتی کے لئے بدستور سنگین خطرہ ہیں۔
چاروں ممالک نے ان گروپوں کی جانب سے پڑوسی اور دوسرے کسی ملک پر کی گئی دہشت گرد کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کثیرالجہتی سطحوں پر انسداد دہشت گردی پر تعاون کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔
مشترکہ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ طالبان حکومت اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک میں دہشت گردی کے لئے استعمال نہ ہونے دینے کے اپنے بین الاقوامی وعدوں کی پاسداری کریں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کی علامات اور بنیادی وجوہات دونوں کو حل کرنے اور دہشت گردی کو جلد از جلد ختم کرنے کے لئے جامع اقدامات کرنے میں افغانستان کی مدد کی جانی چاہئے۔
چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ نے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی پر علاقائی ممالک بالخصوص پاکستان اور ایران کی تعریف کی۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -