کرکٹ کا بانی سب سے اوپر پہنچ گیا
د بئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ٹیم آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں ایک درجہ زوال کا شکار ہوئی تو آسٹریلیا کو ویسٹ انڈیز سے سیریز کی جیت میں ایک درجہ ترقی کا صلہ ملا۔دبئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ٹیسٹ ٹیموں اور پلئیرز کی رینکنگ جاری کی گئی جس میں بھارتی ٹیم کی ایک درجہ تنزلی ہو گئی ہے تاہم آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ سیریز جیت کر بھارت سے تیسری پوزیشن چھین لی۔ انگلینڈ کا ٹاپ پوزیشن پر تاحال قبضہ برقرار ہے جبکہ جنوبی افریقہ دوسری اور پاکستان بھی پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔ ٹیسٹ پلئیرز رینکنگ میں ویسٹ انڈیز کے بیٹسمین چندر پال کی چار درجے ترقی ہوئی۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کے اے بی ڈیویلرز سے پہلی پوزیشن چھینی۔ جنوبی افریقہ کے جیک کیلس دوسرے سے تیسرے نمبر پر چلے گئے لیکن پاکستان کے یونس خان کی چوتھی پوزیشن برقرار ہے۔ آسٹریلوی ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک پانچ درجے تنزلی کا شکار ہو کر تیسری سے آٹھویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔بولنگ رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے ڈیل سٹین سرفہرست ہیں جبکہ پاکستان کے آف سپنر سعید اجمل بھی دوسرے درجے پر تاحال موجود ہیں۔