پاکستان حلال فوڈ انڈسٹری میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے:پاکستانی سفیر

پاکستان حلال فوڈ انڈسٹری میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے:پاکستانی سفیر

  



اسلام آباد (اے پی پی) ملائشیا میں تعینات پاکستان کے سفیر سید حسن رضا نے کہا ہے کہ پاکستان حلال فوڈ انڈسٹری میں اہم کردار ادا کرنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے لہذا وہ ملائشیا کے ساتھ تعاون بڑھا کر حلال گوشت کی برآمدات کو بڑھانے پر توجہ دے کیونکہ ملائشیا نے اس شعبے میں کافی ترقی حاصل کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں چیمبر کے صدر شعبان خالد سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حلال گوشت کی مارکیٹ دنیا میں بڑی تیزی سے فروغ پا رہی ہے اور پاکستان ملائشیا کے ساتھ قریبی تعاون بڑھا کر سرٹیکفیشن سمیت حلال مصنوعات کا معیار بہتر کرنے کی کوشش کرے تا کہ وہ حلال گوشت کی عالمی مارکیٹ میں بہتر رسائی حاصل کر سکے۔

 سید حسن رضا نے کہا کہ پاکستانی تاجر اپنی مصنوعات کی برینڈنگ بہتر کرنے کیلئے بھرپور کوشش کریں کیونکہ عالمی مارکیٹ میں بہتر توجہ حاصل کرنے کیلئے اچھے برینڈز تیار کرنا اشد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائشیا کے مابین آزاد تجارت کا معاہدہ مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکا لہذا دونوں ممالک اس معاہدہ کو مزید بہتر کرنے کیلئے اس پر نظرثانی کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں تا کہ باہمی تجارت بہتر فروغ پا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملائشیا میں پاکستان کا سفارتخانہ پاکستانی چیمبرز آف کامرس کے ساتھ براہ راست روابط قائم کرنے کی کوشش کرے گا تاکہ باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کر کے دوطرفہ تجارت کو مزید وسعت دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی تاجر ملائشیا میں نمائش منعقد کر کے اپنی مصنوعات کو موثر انداز میں متعارف کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملائشیا کے ساتھ قریبی تعلقات استوار کر کے پاکستان آسیان خطے کے ممالک تک بہتر رسائی حاصل کر سکتا ہے جو پاکستانی مصنوعات کیلئے بہت بڑی منڈی ہے۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ملائشیا میں پاکستان کا سفارتخانہ پاکستانی تاجروں کو ملائشیا میں کاروبار کے مزید مواقع تلاش کرنے میں ہر طرح کی سہولت فراہم کرے گا۔ اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شعبان خالد نے کہا کہ ملائشیا نے مختصر وقت میں تیز رفتار اقتصادی ترقی حاصل کی ہے لہذا وہ پاکستان کو ٹیکنالوجی منتقل کر کے اور پاکستان میں جائنٹ وینچرز قائم کر کے ہماری معیشت کو بہتر کرنے میں تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک زرعی شعبے میں تعاون بڑھا کر فائدہ مند نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد تجارت کے معاہدوں کو حتمی شکل دینے سے پہلے چیمبرز آف کامرس کو مشاورتی عمل میں شامل کیا جائے اور ایسے معاہدے طے پانے کے بعد چیمبرز کے اشتراک سے ان کی بہتر آگاہی کیلئے جامع مہم چلائی جائے تا کہ تاجر برادری ان معاہدوں سے بھرپور استفادہ حاصل کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملائشیا میں پاکستان کا سفارتخانہ پاکستانی چیمبرز آف کامرس کے ساتھ مارکیٹ سٹڈی رپورٹس سمیت تجارت سے متعلقہ ضروری معلومات بروقت شیئر کرے تا کہ ہماری تاجر بردری ملائشیا میں پائے جانے والے کاروبار کے مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس ملائشیا کے ساتھ تجارت و برآمدات بڑھانے کیلئے ملائشیا میں پاکستانی سفارتخانے کے ساتھ مل کر کام کرنے کی کوشش کرے گا تا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید بہتر کر کے عوام کیلئے فائدہ مندنتائج حاصل کئے جا سکیں۔

مزید : کامرس


loading...