نوازشریف آج برطانوی وزیراعظم سے ملاقات کرینگے،وفود کی بات چیت بھی ہوگی
لندن(تجزیہ نگار خصوصی)وزیر اعظم نوازشریف آج برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سے ملاقات کرینگے ،دونوں رہنماؤں کے مابین ون آن ون ملاقات کے علاوہ وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوگی جبکہ یہ ملاقات 10ڈاؤننگ سٹریٹ پر ظہرانے پر بھی جاری رہے گی ،ڈیوڈ کیمرون نے وزیراعظم محمدنوازشریف کے اعزاز میں خصوصی ظہرانے کا انتظام کیا ہے ،دونوں رہنماؤں کے مابین پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ بالخصوص دونوں ملکوں کے مابین تجارت کے حجم کو 2015ء تک تین ارب پاؤنڈ تک لے جانے کے ہدف کے حوالے سے ٹھوس پیش رفت ہوگی ۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کے اقتدار سنبھالنے کے فوری بعد برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اوروزیراعظم نوازشریف کو دورہ برطانیہ کی دعوت دینے کے ساتھ کہا تھا کہ پاکستان کا دوست برطانیہ کا دوست ہے اور پاکستان کا دشمن برطانیہ کا دشمن ہوگا ،اس تناظرمیں وزیراعظم محمد نوازشریف اور برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کی ملاقات کو غیر معمولی اہمیت دی جارہی ہے ،بالخصوص ایسے حالات میں جب پاکستان کے ہمسایہ ممالک میں اہم ترین تبدیلیاں رونماہورہی ہیں، ایک طرف بھارت میں انتخابات کا عمل جاری ہے تو دوسری جانب افغانستان میں صدارتی انتخابات کے علاوہ رواں سال امریکی و نیٹو افواج کا انخلا ہونے جارہاہے دونوں رہنماؤں کی ملاقات کو خطے کے مستقبل کے حوالے سے خصوصی اہمیت دی جارہی ہے ،تاہم وزیراعظم محمد نوازشریف پاک برطانیہ تعلقات کو اقتصادی تعاون میں ڈھالنے کے خواہاں ہیں ،اس حوالے سے جہاں انکی برطانوی رہنماؤں سے ملاقاتوں میں پیشرفت ہوگی وہاں وہ آج ایک بڑی سرمایہ کاری کانفرنس سے بھی خطاب کرینگے ،یہ سرمایہ کاری کانفرنس پاکستان اور برطانیہ کے تعاون سے منعقد کی جارہی ہے اوراس میں برطانیہ کی چوٹی کی بڑی کمپنیوں کے رہنماء شرکت کررہے ہیں جہاں پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم بڑھانے کے حوالے سے تجاوزیر کو حتمی شکل دی جائے گی ،اس کانفرنس سے انعقاد میں وزیر خزانہ اسحق ڈار کی کاوشیں بھی قابل ذکر ہیں جبکہ وہ کانفرنس سے خطاب بھی کرینگے ۔