دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ پر جلد قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں گے،شہباز شریف

دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ پر جلد قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں گے،شہباز شریف

  



لاہور(پ ر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو پاکستان سے جلد ا چھی خبریں ملیں گی۔ اﷲ تعالیٰ کے فضل و کرم ، عوام کے تعاون اور شبانہ روز محنت سے ہم دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ جیسے مسائل پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ وہ لندن پہنچنے کے بعد برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب میں منعقد ہونے وا لے پہلے اوورسیز پاکستانی کنونشن میں دنیا بھر سے سینکڑوں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے شرکت کرکے وطن عزیز سے محبت کا ثبوت دیاہے اور بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کے عظیم سفیر ہیں ۔ پہلے اوورسیز پاکستانی کنونشن میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے جو سفارشات اور تجاویز سامنے آئیں ہے ان پر من وعن عملدرآمد کیا جائے گا ۔پنجاب حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے صوبائی سطح پر کمیشن کے قیام کا فیصلہ بھی کیاہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کر لیاہے۔ انہوں نے کہاکہ میرے دورہ برطانیہ کا کلیدی مقصد توانائی ، تعلیم او ر صحت کے شعبوں میں برطانوی حکومت کے ساتھ تعاون کوفروغ دیناہے ۔ پنجاب میں تعلیم کے میدان میں جو نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں،بین الاقوامی ا داروں نے ان پر اطمینان اور تحسین کا اظہار کیاہے۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو قدر کی نگا ہ سے دیکھتی ہے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں ان کا کردار لائق تحسین ہے ۔

مزید : صفحہ اول