بچی کی مین ہول میں گرنے سے ہلاکت،ایکس ای این رانا منان گرفتار
لاہور(کرائم سیل ) شاہدرہ کے علاقے میں 7سالہ بچی کی کھلے مین ہول میں گرنے سے ہلاکت پرپولیس نے ایکس ای این واسا سب ڈویژن فرخ آباد کو گرفتار کر لیا جبکہ مقدمے میں نامزدایس ڈی او،اوور سیز سمیت داروغہ کی گرفتاری کیلئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔،معلوم ہو ا ہے کہ شاہدرہ کے نواحی علاقے ندیم پارک بارہ دری کے رہائشی محنت کش محمد وارث کی بیٹی مناہل اتوار اور پیر کی درمیانی شب گھر سے لاپتہ ہو گئی اس کے والد نے تھانہ شاہدرہ میں اپنی بچی کی گمشدگی کی اطلاع دی پولیس نے عارضی رپٹ لکھ کر روائیتی طور پر والد کو یہ کہہ کر ٹرخا دیا کہ بچی خود ہی گھر پہنچ جائے گی ۔رات بھر بچی کا والد اوراس کے دیگر رشتے دار بچی کو تلاش کرتے رہے مگر وہ نہ ملی گزشتہ صبح ایک بارپھر بچی کی تلاش شروع کی گئی تو گھر سے کچھ فاصلے پر کھلے مین ہول میں تیرتی بچی کی لاش دیکھ کر مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع دی ۔پولیس نے موقع پرپہنچ کر لاش کھلے مین ہول سے نکال کر مذکورہ بچی مناہل کے والد وارث کو بھی شناخت کے لئے بلوایا جس پر اس نے موقع پرپہنچ کر اپنی بچی کی لاش کی شناخت کر لی ۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایم پی اے عمران نذیر کو تحقیقات کرنے اور زمہ داران کیخلاف سخت کارروائی کا حکم دیا جس پر رات گئے تھانہ شاہدرہ پولیس نے عمران نذیر کی موجودگی میں سب ڈویژن واسا فرخ آباد 25نمبر سٹاپ کے ایکس ای این رانا منان،ایس ڈی او امتیاز،اوور سیز عاطف اور داروغہ سرور جٹ کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس نے چھاپہ مار کر ایکس ای این رانا منان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ باقی ملزمان تاحال فرار ہیں۔پولیس کے مطابق فرار ملزمان کی گرفتا ری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں جنہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔