جوڈیشل مجسٹریٹ کی شہری کیخلاف درج مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعات دوبارہ شامل کرانے کی درخواست خارج
لاہور(نامہ نگار خصوصی ) لاہور ہائیکورٹ کے2رکنی بنچ نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی طرف سے شہری کیخلاف درج مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعات دوبارہ شامل کرانے کی درخواست خارج کر دی۔جسٹس سردار شمیم احمد خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے جوڈیشل مجسٹریٹ سید رفیق کی رٹ درخواست کی سماعت کی۔
، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ جون 2013 میں شہری نوازش علی نے انکے کمرہ عدالت میں گھس کر دھمکیاں دیں، بدتمیزی کی اور لڑائی جھگڑا کیا جس پر لوئر مال پولیس نے اہلمد کی درخواست پر نوازش کیخلاف دہشت گردی ایکٹ اور ضابطہ فوجداری کے تحت مقدمہ درج کیا تھا مگر ٹرائل کورٹ نے دہشت گردی کی دفعات خارج کر دی ہیں، انہوں نے استدعا کی مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات دوبارہ بحال کی جائیں۔ عدالت نے ریکارڈ دیکھنے اور دلائل سننے کے سید رفیق کی رٹ درخواست خارج کر دی۔