ٹریفک حادثات میں کمسن بچہ اور خاتون جاں بحق،متعدد زخمی

ٹریفک حادثات میں کمسن بچہ اور خاتون جاں بحق،متعدد زخمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کر ائم سیل)صوبائی دارالحکومت میں 13سالہ لڑکا اور30سالہ خاتون ٹریفک حادثات میں جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال پہنچا دیا جبکہ پولیس نے ایک لاش مردہ خانہ بھجوا دی جبکہ نوعمر لڑکے کی لاش اسکے ورثاءکے حوالے کردی۔بتایا گیا ہے کہ شفیق آباد کے علاقے میں تیز رفتار گاڑی نے سڑک پار کرنے والی خاتون کو کچل کرشدید زخمی کردیا۔ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہو گیا۔موقع پر درجنوں افراد جمع ہو گئے۔اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ زخمی خاتون کو طبی امداد کے لئے ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ پولیس نے شناخت نہ ہونے پر لاش مردہ خانہ بھجوا دی۔ پولیس کے مطابق متوفیہ حلئے سے اچھے گھرانے کی معلوم ہوتی ہے اسکے لواحقین کی تلاش جاری ہے۔ جس کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ فرار ہونے والے نامعلوم ڈرائیور کی گرفتاری کے لئے پولیس ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جسکوجلد گرفتار کرلیا جائے گا۔نصیر آباد کے علاقہ میں13 سالہ بچہ سڑک کنارے پیدل جا رہا تھا کہ پیچھے سے آنے والی تیز رفتار بس کی زد میں آکر موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا،موقع پر درجنوں افراد جمع ہو گئے جنہوں نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے بس ڈرائیور کو پکڑ لیا۔پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی۔پولیس کے مطابق متوفی شیراز کی لاش اسکے لواحقین کے حوالے کرکے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔شہر کے مختلف علاقوں اقبال ٹاﺅن، شیرا کوٹ، مسلم ٹاﺅن، گلبرگ، ماڈل ٹاﺅن، مصری شاہ، شاہدرہ،نولکھا کے علاقوں میں ٹریفک خادثات میں دو خواتین سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال داخل کروا دیا۔

مزید :

علاقائی -