برطرف کانسٹیبلز کی بحالی،ہائیکورٹ کا محکمہ پولیس کو دلائل دینے کا آخری موقع
لاہور(نامہ نگار خصوصی ) لاہور ہائیکورٹ نے 49برطرف کانسٹیبلوں کی بحال کئے جانے کی درخواست پر محکمہ پولیس کو دلائل دینے کا آخری موقع دیدیا۔جسٹس عابد عزیز شیخ نے یوسف وغیرہ49برطرف کانسٹیبلوں کی بحالی اور مستقل کئے جانے کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل شاہین پیرزادہ نے عدالت کو بتایا کہ محکمہ پولیس نے 1400 کانسٹیبلوں کو بھرتی کیا تھا جس میں سے 1349 کانسٹیبلوں کی ملازمت مستقل کر دی گئی ہے جبکہ 51 کانسٹیبلوں کو یہ کہہ کر برطرف کر دیا گیا ہے کہ محکمے کو اب ان کی ضرورت نہیں۔ عدالت نے محکمہ پولیس کو دلائل دینے کا آخری موقع دیتے ہوئے کیس کی سماعت 3 ہفتوں تک ملتوی کر دی۔