وزیراعظم نواز شریف کی برطانوی ہم منصب سے ملاقات، پاکستان کا دشمن ہمارا دشمن ہے: ڈیوڈ کیمرون
لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا ہے کہ پاکستان کا دشمن ان کا دشمن ہے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے 10 ڈاﺅننگ سٹریٹ میں برطانوی ہم منصب سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ دلچسپی کے امور اور پاک، برطانیہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں بلوچستان کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک، پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف، وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز، طارق فاطمی اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک، برطانیہ تعلقات اہمیت کے حامل ہیں، پاکستان کا دشمن ان کا دشمن ہے، پاکستان کی ترقی پوری دنیا کے مفاد میں ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کسی دوسرے ملک کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دیں گے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بہت قربانیاں دی ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، برطانیہ پاکستان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مدد کرے۔