فرعونوں کا خاندان دریافت

فرعونوں کا خاندان دریافت
فرعونوں کا خاندان دریافت
کیپشن: Egypt

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

قاہرہ (بیورورپورٹ) مصر دنیا میں فرعونوں کے مقبروں اور عہد قدیم کی ممیوں کی وجہ سے مشہور ہے، عقل انسانی کو حیرت میں ڈال دینے والے فرعونوں کے ان مقبروں نے ہمیشہ دنیا کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے۔ حال ہی میں مصر کی مشہور عالم ”بادشاہوں کی وادی“ جو کہ لکسر شہر کے قریب ہے، میں فرعونوں کے دور کا ایک قبرستان دریافت ہوا ہے جس میں تقریباً 50 ممیاں ملی ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ یہ ممیاں قدیم فرعونوں کے شاہی خاندانوں کے افراد کی ہیں، خصوصاً تتموسس سوئم اور تتموسس چہارم کے بیٹوں کی ممیاں ان میں شامل ہیں۔ یہ بادشاہ تقریباً ڈیڑھ ہزار سال قبل مسیح میں مصر کے حکمران تھے۔ ماہرین آثار قدیمہ جن میں سوئٹزرلینڈ کی یونیورسٹی آف باصل کے ماہرین بھی شامل تھے، کو تابوت اور ایسے مرتبان بھی ملے کہ جن میں ممیاں بناتے وقت کچھ اعضاء نکال کر محفوظ کردئیے جاتے تھے۔ مصر کے آثار قدیمہ کے وزیر نے بتایا کہ ان مرتبانوں پر کندہ تحریروں سے تقریباً 30 ممیوں کی ناموں سے شناخت ہوگئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان میں بچوں کی ممیاں بھی شامل ہیں، واضح رہے کہ قدیم فرعونوں سے منسوب ”بادشاہوں کی وادی“ میں مشہور زمانہ فرعون ”طوطن خامن“ کا مقبرہ بھی واقع ہے۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -