معیشت کا استحکام اولین ترجیح ہے ، سرمایہ کاری کیلئے سازگارماحول ہے: نواز شریف
لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ معیشت کا استحکام اولین ترجیح ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت سارے مواقع ہیں، حکومت نے معیشت کی بحالی کیلئے اصلاحات کیں اور نئی پالیسیاں متعارف کرائیں۔ لندن میں سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ برطانیہ پاکستان میں تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہا ہے اور 100 سے زائد برطانوی کمپنیاں پاکستان میں کام کر رہی ہیں، ہم برطانیہ کی طرف سے مزید سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی بحالی اور توانائی بحران کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، حکومت نے ایک سال میں معیشت کی بہتری کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں اور کئی نئی پالیسیاں متعاراف کرائیں جن کے مثبت نتائج نکل رہے ہیں، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ ہو رہا ہے اور سٹارک مارکیٹ بھی بہتری کی جانب گامزن ہے، پاکستان میں سرمایہ کاروں کیلئے مفید ماحول فراہم کر رہے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان معاشی تعاون کے فروغ کیلئے پرامید ہیں۔