کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، ریاست کے باغی آئین کو تسلیم کر لیں: آرمی چیف

کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، ریاست کے باغی آئین کو تسلیم کر لیں: آرمی چیف
کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، ریاست کے باغی آئین کو تسلیم کر لیں: آرمی چیف

  



راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، قیام امن کیلئے حکومت کی ہر کوشش کی حمایت کرتے ہیں، قوم کویقین دلاتا ہوں کہ پاک فوج دشمن کے عزائم خاک میں ملا دے گی۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج کی صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے، ریاست کے باغیوں سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، ریاست کے باغی عناصر پاکستان کے آئین کو تسلیم کر لیں، پاک فوج ہر امتحان میں قوم کے اعتماد پر پورا اتری۔ آرمی چیف نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیر کا حل کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ فوج جمہویت کے استحکام اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، تمام ادارے مل کر جمہوری نظام کی کامیابی کیلئے کوشاں ہیں جبکہ تمام ادروں اور میڈیا کا کردار قابل تعریف ہے۔

بلوچستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج میں بلوچوں کی شمولیت ان کا فوج پر اعتماد ہے۔ پاک فوج کے تحت جی ایچ کیو میں یوم شہداءکی تقریب میں شہداءکیلئے فاتحہ خوانی کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ آج کا دن ان شہداءکے نام ہے جنہوں نے 1947 ءسے لے کر 2014تک وطن عزیز کو درپیش اندرونی و بیرونی خطروات کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ہم ان ماﺅں بہنوں اور دیگر لواحقین کے جذبوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے بھائی اور بیٹے ملک کی سلامتی پر نچھاور کردیئے، ان غازیوں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو دفاع وطن کیلئے دشمن کے سامنے سینہ سپر رہے۔ آج ہمیں بحیثیت قوم ایک ایسی جنگ کا سامنا ہے جس سے افواج پاکستان کے ساتھ ساتھ ریاست کے تمام ادارے اور پاکستانی عوام بھی برسرپیکار ہیں، اس مناسبت سے نہ صرف افواج پاکستان، ایف سی، رینجرز پولیس اور نیوی بلکہ ان ہزاروں محب وطن شہریوں کو بھی خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے جنگ میں قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، وطن عزیز کے استحکام کیلئے ان کا کردار لازوال اور ناقابل فراموش ہے۔ ہمارے ملک کو بے شمار اندرونی و بیرونی چیلنجزکا سامنا ہے مگر میں یقین دلاتا ہوں کہ افواج پاکستان سیکیورٹی کے دیگر اادروں خصوصاً سول آرم فوسز، رینجرز اور پولیس کے ساتھ مل کر اپنے فرائض پورے کرتے ہوئے ان تمام خطرات کےخلاف دیوار بن کر کھڑی رہے گی اور دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنا دے گی۔ پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے اور امن کی بحالی کیلئے حکومت کی ہر کوشش کی حمایت کرتی ہے، یہ ہماری دلی خواہش ہے کہ پاکستان کے خلاف سرگرم عمل تمام عناصر غیر مشروط طور پر ملک کے آئین اور قانون کی مکمل اطاعت قبول کریں اور قومی دھارے میں واپس آئیں ، بصورت دیگر ریاست کے باغیوں سے نمٹنے کے معاملے میں شک کی کوئی گنجائش نہیں، پاکستان کی غیور عوام اور افواج پاکستان ایسے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ جنگی محاز خواہ اندرونی ہو یا بیرونی قومیں لڑا کرتی ہیں اور اپنی افواج کا حوصلہ بلند رکھتی ہیں ، فوج کی طاقت کا سرچشمہ عوام کا اعتماد ہے اور قوم نے ہمیشہ افواج کا ساتھ دیا ہے، قوم کی حمایت کے ساتھ یقینا ہمارے بہادر سپوت قومی سلامتی کیلئے بڑی سے بڑی قربانی دینے کیلئے دریغ نہیں کریں گے، انشاءاللہ ہر آنے والا دن عوام اور افواج پاکستان کے رشتے کو مضبوط سے مضبوط تر کرے گا۔ افواج پاکستان نے دفاع وطن کے بنیادی فریضے کے ساتھ ساتھ ملک کی تعمیر و ترقی اور فلاح و بہبود میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ 1947ءکے مہاجرین کی آبادی کاری سے لے کر سوات اور فاٹا کے لوگوں کی گھروں میں واپسی اور بحالی تک مسلح افواج کا کردار نمایاں رہا ہے، افواج پاکستان وفاق کی تمام اکائیوں کی نمائندہ، قومی یکجہتی کی آئینہ دار اور دفاع وطن کی ضمانت ہے، حالیہ برسوں میں بلوچستان سے ًتعلق رکھنے والے 20 ہزار سے زائد نوجوانوں نے پاک فروج میں بحیثیت افسر اور سپاہی شمولیت اختیار کی ہے جو بلوچستان کے عوام کا پاک فوج پر بھرپور اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔ پاکستان کی نصف سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہمارے نوجوان قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں اور پاکستان کا مستقبل بھی، افواج پاکستان کے زیر نگرانی مختلف تعلیمی اور تکنیکی ادارے چل رہے ہیں جن میں قوم کے ہزاروں بچے زیر تعلیم ہے اور ان میں سے زیادہ تر کا تعلق بلوچستان، فاٹا اور ملک کے دور دراز علاقوں سے ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ عالمی امن کا قیام اور ان کیلئے افواج پاکستان کا کردار نمایاں ہے، اقوام متحدہ کی امن فوج میں پاک فوج ہراول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے،اقوام متحدہ کی تاریخ میں پاکستانی امن دستوں کی تعداد دیگر ممالک سے کہیں زیادہ ہے جو اقوام عالم کا ہماری قوم اور افواج پر اعتماد کا مظہر ہے اور ہمارے لئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور یہ ایک بین الاقوامی تنازعہ ہے جس پر اقوام متحدہ کی قردادیں موجود ہیں اور اس مسئلے کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنا علاقائی سلامتی اور پائیدار امن کیلئے ناگزیر ہے،کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، افواج پاکستان امن کی خواہاں ہیں لیکن جارحیت کا جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار بھی ہے۔ افواج پاکستان جمہوریت کے استحکام آئین، قانون کی پاسداری اور بالادستی پر یقین رکھتی ہے یہی وہ واحد رستہ ہے جس پر گامزن رہ کر ہم ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑے ہو سکتے ہیں اس لئے لازم ہے کہ قائداعظم کے دیئے گئے سنہری اصول، ایمان، اتحاد، تنظیم کو ہمیشہ یاد رکھا جائے اور ملک کے تمام ادارے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر اس نظام کی کامیابی کیلئے ہمہ وقت کوشاں رہیں، پاکستان کے مسلح افواج ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے ہمیشہ کام کرتی رہیں گی۔

جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ریاست کے تمام اداروں کے ساتھ ساتھ قومی تعمیر میں سول سوسائٹی اور میڈیا کا کردار بھی قابل تعریف ہے، میڈیا نے ہر موڑ پر وطن عزیز کی سلامتی کے حق میں عوامی رائے کو ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، ہم میڈیا کی آزادی اور ذمہ دارانہ صحافت پر یقین رکھتے ہیں اور ان کی قربانیوں کو سراہتے ہیں، تمام مشکلات کے باوجود پاکستان اپنے استحکام اور خوشحالی کی منزل کی طرف رواں دواں ہے اور اٹھارہ کروڑ سے زائد محنتی، ہنرمند اور متحرک عوام پر مشتمل ہمارا وطن ہر لحاظ سے انتہائی اہم مقام پر کھڑا ہے، انشاءاللہ اقوام عالم میں صلاحیتوں کے بل بوتے پر ہم اپنا صحیح مقام حاصل کر کے رہیں گے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ شہادت ایک عظیم رتبہ ہے اور فوج جذبہ شہادت سے سرشار ہے، خوش نصیب ہیں ہمارے وہ ساتھی جنہیں یہ سعادت نصیب ہوئی، آج کا دن یوم تجدید عہد بھی ہے اور ہم شہداءکے لواحقین کیلئے دعا گو ہیں اور بحیثیت قوم ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ میں آخر میں یہ بات دہرانا چاہتا ہوں کہ افواج پاکستان ملکی سلامتی کو درپیش ہر طرح کی اندرونی و بیرونی خطرات پر نظر رکھتے ہوئے ہے اور ان سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، مسلح افواج قومی سلامتی اور مادر وطن کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی، یہ ہمارا مشن ہے کہ مستقبل کا پاکستان اندرونی و بیرونی طور پر محفوظ پاکستان ہو ، قوم کے شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اگلی نسل کو ایک مستحکم اور خوشحال پاکستان حوالے کریں۔

مزید : راولپنڈی /اہم خبریں