جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والے شخص کے نام متاثرہ نوجوان لڑکی کا کھلا خط،انٹرنیٹ پر تہلکہ مچادیا
لندن (نیوز ڈیسک) جنسی جرائم کی شکار اکثر خواتین خود کو ہی گناہ گار سمجھنا شروع کردیتی ہیں اور اس بدقسمتی کی وجہ معاشرے کی بے حسی ہے جو مظلوموں کو بھی مجرموں کی صف میں کھڑا کردیتی ہے، لیکن ایک نوجوان برطانوی طالبہ نے خاموش رہنے کی بجائے اپنی عزت پر حملہ کرنے والے مجرم کو سرعام شرمسار کرنے کی مہم شروع کردی ہے۔
بیس سالہ آئیون ویلز 11 اپریل کی صبح شمالی لندن میں اپنے گھر کی جانب جارہی تھیں کہ ایک جنسی درندے نے ان پر حملہ کردیا۔ آئیون کہتی ہیں کہ وہ ایک انڈرگراﺅنڈ سٹیشن سے اپنے گھر جارہی تھیں کہ ایک شخص نے ان کا تعاقب کیا اور پھر موقع پاکر انہیں بالوں سے کھینچ کر دیوار کے ساتھ دے مارا۔ حملہ آور نے ان کے جسم کو نوچنا شروع کردیا جس کے نتیجے میں ان کا لباس پھٹ گیا لیکن دریں اثناءان کی چیخ و پکار سن کر ان کی فیملی اور ہمسائے ان کی مدد کو پہنچے جبکہ حملہ آور فرار ہوگیا۔
مزید پڑھیں:گھوڑے کے پیارمیں دیوانی خاتون نے شوق کی تکمیل کیلئے 70کلووزن کم کر ڈالا
آکسفورڈ یونیورسٹی کی طالبہ آئیون نے اس ظلم پر خاموش رہنے کی بجائے یونیورسٹی کے میگزین "Cherwell" میں حملہ آور کے نام ایک کھلا خط لکھا ہے جس میں انہوں نے بتایا ہے کہ وہ اس بدمعاشی سے خوفزدہ نہیں ہوں گی اور نہ ہی ان کی فیملی اور دوست کسی درندے سے خوفزدہ ہوکر اپنے معمولات میں تبدیلی کریں گے۔ وہ کہتی ہیں کہ وہ معمول کے مطابق آخری ٹرین استعمال کرتی ہیں اور ان کے پیارے بھی ایسا ہی کرتے ہیں لہذا جنسی درندے کو جان لینا چاہیے کہ اسے شکست ہوچکی ہے اور اس کے حملے کا شکار ہونے والی لڑکی عزم اور اعتماد کے ساتھ کھڑی ہے۔
آئیون نے #NotGuilty کے نام سے ایک آن لائن مہم بھی شروع کی ہے تاکہ جنسی ظلم کا شکار ہونے والوں کو بتاسکیں کہ وہ بے قصور ہیں اور ان پر حملہ کرنے والے مجرم اور درندے ہیں۔ ان کی مہم کو بے پناہ حمایت حاصل ہورہی ہے اور انٹرنیٹ صارفین ان کی ہمت اور عزم کو خوب سراہ رہے ہیں۔