حفیظ کی سنچری ‘ پاکستان نے 1وکٹ پر بنگلہ دیش کیخلاف 227رنز بنالئے
کھلنا ( نیٹ نیوز) محمد حفیظ کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر 227 رنز بنا لئے تھے، گرین شرٹس کو بنگال ٹائیگرز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 105 رنز درکار ہیں اور ابھی اس کی 9 وکٹیں باقی ہیں۔ محمد حفیظ 137 اور اظہر علی 65 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ 50 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد حفیظ اور اظہر نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے ڈٹ کر حریف باؤلرز کا مقابلہ کیا اور دوسری وکٹ میں 177 رنز کی ناقابل شکست شراکت جوڑی۔ اسی دوران حفیظ نے شاندار سنچری اور اظہر نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ سمیع اسلم 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تیج الاسلام نے ایک وکٹ حاصل کی۔ دریں اثناء بنگلہ دیشی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 332 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ وہاب ریاض اور یاسر شاہ نے 3، 3 جبکہ حفیظ اور ذوالفقار بابر نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بدھ کو شیخ ابو نصر سٹیڈیم، کھلنا میں پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز بنگلہ دیشی ٹیم نے 236 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو شکیب الحسن 19 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے چوتھے اوور میں ذوالفقار بابر نے شکیب الحسن کو آؤٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، وہ 25 رنز بنا کر چلتے بنے، یہاں پر مشفق اور سومیہ سرکار نے مل کر ٹیم کا سکور 305 تک پہنچا دیا، سرکار 33 رنز بنا کر حفیظ کی گیند کا نشانہ بنے، اگلے اوور میں یاسرشاہ نے مشفق کو بھی آؤٹ کر دیا، مشفق 32 رنز بنا پائے، ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد بنگلہ دیش کا کوئی بھی کھلاڑی گرین شرٹس کے باؤلرز کا مقابلہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 332 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ تیج الاسلام 1، محمد شاہد 10 اور روبیل حسین 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ وہاب ریاض اور یاسرشاہ نے 3، 3 جبکہ محمد حفیظ اور ذوالفقار بابر نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستانی ٹیم جب میدان میں اتری تو محمد حفیظ اور سمیع اسلم نے ٹیم کو 50 رنز کا آغاز فراہم کیا، سمیع 20 رنز بنا کر تیج الاسلام کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، اس کے بعد حفیظ اور اظہر علی بنگلہ دیشی باؤلرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ میں 177 رنز کی شراکت جوڑی اور مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا۔ دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے ایک وکٹ پر 227 رنز بنا لئے تھے اور اسے میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 105 رنز درکار ہیں۔ حفیظ 137 اور اظہرعلی 65 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں پاکستان کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز بہت اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا او ر حریف ٹیم کو دباؤ میں رکھا پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ٹیم نے کھیل کے دوسرے روز بہت اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور امید ہے کہ یہ تسلسل اسی طرح آج کھیل کے تیسرے روز بھی جاری رہے گا ہماری کوشش ہے کہ ہم اس میچ کا فیصلہ ہو اور آج ہم ایک بڑا سکور کرنے میں کامیاب ہوجائیں حفیظ نے بہت اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ہے اور باؤلرز نے بھی بہت اچھی باؤلنگ کی ہے ۔