چیئرمین پی سی بی کی وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف سے ملاقات

چیئرمین پی سی بی کی وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف سے ملاقات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور( سپورٹس رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے ملاقات کی جس میں کرکٹ کے کھیل کے فروغ اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کے دورے سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں اہم پیش رفت ہوگی اورامید ہے کہ دیگر ٹیمیں بھی مستقبل قریب میں کھیلنے کیلئے پاکستان آئیں گی۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کا دورہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے غیرملکی ٹیموں کی پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کے حوالے سے جو کوششیں کی جا رہی ہیں وہ لائق تحسین ہیں اور پنجاب حکومت اس ضمن میں ہرممکن تعاون کرنے کیلئے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک سکیورٹی کا مسئلہ ہے توپنجاب میں اس حوالے سے بہترین ماحول فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کئے جائیں گے اور ایسا ماحول فراہم کیا جائے گا کہ غیر ملکی ٹیمیں اطمینا ن اور سکون کے ساتھ یہاں میچ کھیل سکیں اورغیرملکی کرکٹ ٹیموں کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اس ٹیلنٹ کو نکھار کر کرکٹ میں پاکستان اپنا مقام دوبارہ حاصل کر سکتا ہے کرکٹ میں پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے زمبابوے کی ٹیم کی آمد کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھل جائیں گے۔