نیپال زلزلہ میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں نیویارک میں شمعیں روشن، لوگوں نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی
نیویارک (اے پی پی) نیپال میں آنیوالے تباہ کن زلزلہ میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں نیویارک کے علاقے جیکسن ہائٹس کے ڈائیورسٹی پلازہ پر شمعیں روشن کی گئیں اور لوگوں نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔امریکی میڈیا کے مطابق نیویارک کے تارکین وطن سے متعلق تنظیموں کی اپیل پر ڈائیورسٹی پلازہ میں سینکڑوں لوگ جمع ہوئے، جن میں بڑی تعداد نیپال کے شہریوں کی تھی۔ ان میں سے بیشتر لوگ نیپال میں اپنے اہل خانہ کے بارے میں معلومات نہ ہونے پر تشویش میں مبتلاہیں۔
تقریب میں زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔اس موقع پر ریلیف آپریشن میں مدد کے لئے چندے بھی اکٹھا کئے گئے اور جمع ہونے والے ہزاروں ڈالر فوری طور پر نیپال بھجوانے کے اعلانات کئے گئے۔