عالمی جماعت اہلسنت کے زیر اہتما م یکم مئی کو یوم شان حجاز منایا جائیگا
لاہور(نمائندہ خصوصی) مشرق وسطی کی صورتحال پر اہلسنت کی 15 تنظیموں کا مشترکہ اجلاس مرکز اہلسنت جامعہ حزب الاحناف میں محاذ کے مرکزی امیر پیر سید شاہد حسین گردیزی کی زیر صدارت ہوا۔ جس میں عالمی جماعت اہلسنت کے مرکزی امیر مفتی پیر سید مصطفی رضوی، جمعیت علمائے پاکستان کے پیر سید محمد صفدر شاہ گیلانی، انجمن طلبائے اسلام کے میاں عاقب مصطفائی، مشائخ اہلسنت پاکستان کے پیر سید اقبال حسین شاہ، خواجہ معین الدین چشتی ٹرسٹ کے حاجی محمد حمید فاضل، انٹرنیشنل بزم برکاتیہ کے پیر سید محمد حسین نورانی، وکلاء فورم پاکستان کے حافظ محمد عارف اعوان ایڈووکیٹ، سنی تحریک کے محمد صدیق قادری، بزم برکاتیہ کے حافظ محمد آصف جامی، انجمن عید میلاد النبی ؐ کے الحاج ملک محمد شریف، جماعت ختم نبوت کے مولانا محمد احمد فریدی، بزم صدیقیہ کے صاحبزادہ احمد شکیل صدیقی ، رابطہ مساجد کے علامہ محمد آصف عطاری، انجمن عاشقانِ رسول ؐکے علامہ محبت علی، انٹرنیشنل تحریک فکر رضا کے پیر محمد حسین برکاتی نے شرکت کی۔ اجلاس میں مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ یمن کا مسئلہ نہایت حساس معاملہ ہے اس سلسلہ میں پاکستان کی پارلیمنٹ اور اقوام متحدہ کی قراردادیں امت مسلمہ اور دنیا میں امن کے قیام کے لئے سنگ میل ثابت ہونگی۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ بعض غیر ملکی عناصر پاکستانی پارلیمنٹ کی قرارداد کے خلاف پراپیگنڈا کرکے پارلیمنٹ کی توہین کر رہے ہیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ یمن کے مسئلے کو عالمی فرقہ وارانہ فسادات میں تبدیل کرنے کی گہری سازش ہو رہی ہے۔یکم مئی بروز جمعہ کو حقوق اہلسنت محاذ کے زیر اہتمام پورے ملک میں یوم شانِ حجاز مقدس کے طورپر منایا جائے گا۔