شہری کی ہلاکت کے کیس کا فیصلہ،بق اے ایس آئی کو عمرقید
لاہور(نامہ نگار)ایڈیشنل سیشن جج مبشرندیم خان نے گارڈن ٹاؤن ناکے پر فائرنگ کرکے ایک شہری کو ہلاک کرنے کے جرم میں سابق اے ایس آئی محمد ارشد کو عمرقید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ جبکہ دوسرے شہری کوزخمی کرنے پر 10سال قید اور5لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنا دیا ہے ۔عدالت نے دیگرشریک 4ملزمان کانسٹیبلوں طیب ، یاسین، محمد عامر، محمد مصطفی اور قیصرکو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کردیا ۔عدالت میں ڈپٹی پراسکیوٹر ملک امجد علی نے گارڈن ٹاؤن کے سابق اے ایس آئی محمد ارشد اور 5کانسٹیبلوں طیب ، یاسین، محمد عامر، محمد مصطفی اور قیصرکے خلاف چالان پیش کیا۔عدالت میں پیش کئے گے چالان میں ملزمان پر الزام ثابت ہوگیا کہ انہوں نے گارڈن ٹاؤن میں ناکے کے دوران علی رضا اور اس کے ساتھی عبدالحنان پر بلاوجہ فائرنگ کی تھی جس سے علی رضا موقع پر ہلاک جبکہ عبدالحنان زخمی ہو گیا تھا۔ عدالت نے گزشتہ روز اے ایس آئی محمد ارشد کو عمر قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ جبکہ عبدالحنان کو زخمی کرنے کے جرم میں 10سال قید کی سزاجبکہ 5لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنے کاحکم دیا ہے ۔استغاثہ کے مطابق ملزمان کے خلاف گارڈن ٹاؤن پولیس نے 2010میں مقدمہ درج کیا تھا۔