سعودی کابینہ میں ردوبدل ،شہزادہ مقرن اور سعود الفیصل سبکدوش ،محمد بن نائف ولی عہد اور عادل الجبیروز یر خارجہ مقرر
ریاض(محمد اکرم اسد)سعودی عرب کے فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز نے ایک شاہی فرمان کے ذریعے شہزادہ مقرن کو ولی عہد کے عہدے سے سبکدوش کرتے ہوئے ان کی جگہ اپنے بھتیجے شہزادہ محمد بن نائف بن عبدالعزیز کو ولی عہد اور اپنے بیٹے شہزادہ محمد بن سلمان کو نائب ولی عہد مقرر کیا ہے۔ شہزادہ محمد اس وقت سعودی وزیر دفاع کے طور پر فرائض سرانجام دے رہے تھے۔یاد رہے کہ شہزادہ محمد بن نائف وزیر دفاع کے مشیر تھے جس کے بعد انہیں ترقی دیکر وزیر داخلہ اور نائب ولی عہد مقرر کیا گیا تھا، سعودی کابینہ میں وہ دہشت گردی کے خلاف پرعزم جنگ لڑنے والے نمایاں وزراء میں شامل تھے۔شاہی فرمان کے مطابق سعودی فرمانروا نے وزیر خارجہ سعود الفیصل کو بھی وزارت خارجہ کے منصب سے ہٹا کر ان کی جگہ امریکا میں سعودی عرب کے سفیر عادل الجبیر کو وزیر خارجہ مقرر کیا ہے۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حمد بن عبدالعزیز السویلم کو شاہی دیوان کا صدر مقرر کیا ہے۔شہزادہ منصور بن مقرن کو شاہی دیوان کا مشیر مقرر کیا گیا ہے، ان کا عہدہ وزیر کے برابر ہو گا۔سعودی شاہ نے وزیر محنت عادل فقیہ کی جگہ مفرج الحقبانی کو مقرر کیا ہے۔ عادل فقیہ کو وزیر مالیات اور منصوبہ بندی کا نیا قلمدان دیا گیا ہے۔ اس سے پہلے محمد الجاسر وزیر مالیات و منصوبہ بندی کے فرائض سرانجام دے رہے تھے، خالد الفالح کو آرامکو کی مجلس انتظامی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے ان کے پاس وزیر صحت کا اضافی چارج بھی ہو گا۔ایک دوسرے شاہی فرمان کے تحت سیکیورٹی اور فوجی اہلکاروں کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ بطور بونس دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ آن لائن کے مطابق برطرف کئے جانے والے وزیر خارجہ سعود بن فیصل 1975ء سے سعودی وزیر خارجہ چلے آ رہے تھے۔ وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کو نائب ولی العہد سیکنڈ نائب وزیراعظم مقرر کیا ہے وہ وزیر دفاع بھی رہیں گے جبکہ ولی العہد شہزادہ محمد بن عبدالعزیز کے پاس وزارت داخلہ کا قلمدان بھی رہے گا۔ شاہی فرمان میں کئی دوسری انتطامی تبدیلیاں بھی کی گئیں ہیں۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ سعود بن فیصل صحت کی بنیاد پر وزیر خارجہ کی حیثیت سے علیحدہ ہوگئے ہیں مگر وہ بطور کابینہ کے رکن کی حیثیت سے اور سعودی فرمانروا کے خصوصی مشیر کی حیثیت سے کام کرتے رہیں گے۔ وزیر محنت کو اکانومی وپلاننگ کا وزیر مقرر کیا گیا ہے۔ محمد بن عبدالعزیز الصریلم کو سعودی رائل کورٹ کا نیا چیف مقرر کیا گیا ہے۔