کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن منطقی انجام تک پہنچائیں گے ،راحیل شریف
کراچی/راولپنڈی(اے این این)چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کراچی میں جاری ٹارگٹڈآپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ ملکی معیشت میں بہتری اورشہریوں کی فلاح کیلئے کراچی میں امن و امان ترجیح ہے، قتل کی وارداتیں ایک مخصوص پیٹرن کے تحت ہو رہی ہیں جن کے منصوبہ سازوں کا ایجنسیاں اور رینجرز سراغ لگائیں، حکومت کے تعاون سے مافیاز کا خاتمہ کرینگے ، ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ کیا جہاں انہیں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار اور ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر کی جانب سے کراچی میں جاری آپریشن اور سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے کراچی آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں جاری آپریشن بلاامتیاز اور وسیع پیمانے پر ہو رہا ہے جس سے ٹارگٹ کلنگ اور بھتا خوری کے واقعات میں کمی آئی ہے لہٰذا آپریشن اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ معیشت میں بہتری اورعوام کی فلاح کے لیے کراچی میں امن وامان ترجیح ہے، شہر سے تمام مافیا کے خاتمے کے لیے کام کرتے رہیں گے، کراچی میں قتل کی حالیہ وارداتیں ایک مخصوص پیٹرن کے تحت ہو رہی ہیں جن کے منصوبہ سازوں کا ایجنسیاں اور رینجرز سراغ لگائیں، اس موقع پر آرمی چیف نے این اے 246 میں انتخاب کے پرامن انعقاد پررینجرز کے کردار کو بھی سراہا۔ آرمی چیف نے کراچی کے حلقہ 246 میں پرامن انتخابات کے انعقاد پر رینجرز کے کردار کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔