اپوزیشن کی وائس چیئرمین کنٹونمنٹ بورڈز اور بلدیاتی انتخابات میں متفقہ امیدواروں کیلئے مشاورت شروع
لاہور( شہزاد ملک) کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات کے بعد کنٹونمنٹ بورڈ میں وائس چےئرمین کے الیکشن اور آئندہ بلدیاتی انتخابات کیلئے اپوزیشن جماعتوں نے متفقہ لائحہ عمل طے کرنے اور مشترکہ امیدوار لانے کیلئے مشاورت کا سلسلہ شروع کردیا ۔ذرائع کے مطابق سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے تحریک انصاف کے مرکزی وائس چےئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی جبکہ عوامی تحریک کے صدر رحیق عباسی نے تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا،جس میں اس بات پر مشاورت کی گئی کہ جہاں سے جس جماعت کے امیدوار اکثریت میں کامیاب ہوئے وہاں پر متعلقہ جماعتوں کے سرکردہ قائدین مشاورت کرکے کنٹونمنٹ بورڈ کے وائس چیرمین کیلئے مشترکہ امیدوار سامنے لائیں تاکہ حکومتی امیدوار کو ٹف ٹائم دیا جا سکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی الیکشن میں حکومت کو اکثریت ملنے کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے مشاورت شروع کردی ہے کہ حکومت کے خلاف ایک گرینڈ الائنس کے تحت وائس چےئرمین کے انتخاب میں حصہ لیا جائے اور ہر کنٹونمنٹ بورڈ میں اپوزیشن کی اکثریت کو سامنے رکھ کرمشترکہ امیدوار کا اعلان کیا جائے اور اس سلسلے میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ بھی دیا جائے تاکہ حکومتی امیدوار کو جیت کے لئے ٹف ٹائم مل سکے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے سربراہوں نے ٹیلی فونک مشاورت شروع کردی ہے اور اپنی اپنی پارٹی کے مقامی عہدیداروں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ پارٹی پوزیشن کو سامنے رکھ کر وائس چےئرمین کیلئے حکمت عملی اختیار کریں۔