ایشیائی ممالک کی ڈیمانڈ بڑھنے پر مزید تیل فراہم کریں گے،سعودی وزیر پٹرولیم
جدہ (بیورو رپورٹ) سعودی وزیر پٹرولیم انجینئر علی النعمی نے واضح کیا ہے کہ ایشیائی ممالک نے پٹرول کی طلب میں اضافہ کردیا اور اگر ایشیائی ممالک نے مزید تیل مانگا تو ان کی تمام ضرورتیں پوری کی جائیں گی۔ توانائی فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر پٹرول کی معتبر فراہمی یقینی نہ ہو تو ایسی صورت میں کوئی بھی ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ تیل مستقبل میں بھی توانائی کا اہم سرچشمہ رہے گا جبکہ تیل کے نرخوں میں کمی ایشیا کے ترقی پذیر ممالک کیلئے خوش آئند امر ہے۔سعودی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ براعظم ایشیاء میں آبادی بڑھنے کی وجہ سے تیل کی طلب مزید بڑھے گی اور اگر ایک طرف تیل کے نرخوں میں اضافہ تیل خریدنے والے ممالک کیلئے ناپسندیدہ ہے تو تیل کے پیداوار ی منصوبوں کی بھاری لاگت تیل نکالنے والے ممالک کیلئے بڑا چیلنج ہے لہٰذا تیل خریدنے اور فراہم کرنے والے ممالک کے درمیان تیل کے معقول متوازن نرخوں پر اتفاق رائے ناگزیر ہے۔