کھٹمنڈو،زلزلے کے تین دن بعد ملبے سے زندہ نکلنے والا خوش نصیب
کٹھمنڈو (نیوز ڈیسک) نیپال میں جہاں تباہ کن زلزلے نے ہر آنکھ کو نم کردیا وہیں معجزاتی طور پر تباہی کے تین دن بعد ملبے سے زندہ نکالے جانے والے شخص کی کہانی نے سننے والوں کو جذباتی کردیا۔رشی کھنال نامی شخص زلزلے سے تباہ ہونے والے ایک ہوٹل کے ملبے میں دب گیا اور 82 گھنٹے تک زخمی حالت میں ملبے کے اندر پھنسا رہا۔ رشی نے بین الاقوامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پیاس کی شدت کی وجہ سے اس کے ہونٹ پھٹ گئے تھے اور اس کے ناخن سفید ہوگئے تھے۔ اس کے ارد گرد لاشیں پڑی تھیں اور سخت بدبو پھیلی ہوئی تھی۔ اسے زندہ رہنے کے لئے اپنا پیشاب تک پینا پڑا۔ اس قدر خوفناک صورتحال کے باوجود اس نے امید باقی رکھی اور وقفے وقفے سے اپنے اردگرد پڑے ملبے کو کھٹکھٹاتا رہا۔ بالآخر تیسرے دن فرانسیسی ریسکیو اہلکاروں کی ایک ٹیم نے اس کا سراغ لگالیا اور کئی گھنٹوں پر مشتمل آپریشن کے بعد اسے زندہ سلامت نکال لیا۔ موت و حیات کی کشمکش میں تین دن گزارنے والے رشی کا کہنا ہے کہ بظاہر اس کے زندہ بچنے کی کوئی امید نہیں تھی اور اسے ابھی تک یقین نہیں آ رہا کہ قدرت نے اسے نئی زندگی سے نواز دیا ہے۔