بھارت نے کراچی، ٹھٹھہ گوادر پر نظر رکھنے کیلئے گجرات میں دوسرا بحری اڈا بنا لیا
نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارت نے کراچی اور سندھ سے ملحقہ پاکستانی ساحلی علاقوں پر نظر رکھنے کیلئے ریاست گجرات میں پروبندر کے ساحل پر جدید ’’نیول بیس‘‘ بحری اڈا تعمیر کر لیا جس کا نام ولبھ بھائی پٹیل نیول بیس رکھا گیا ہے یہ نیول بیس تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جس کا افتتاح گجرات کی وزیراعلی آنندابین پٹیل اور بھارتی وزیر دفاع منوہر پریکر 9 مئی کو کرینگے۔
بھارتی بحریہ کے حکام کے مطابق اس بحری اڈے کی تعمیر سے علاقے میں بھارتی بحریہ کی آپریشنل قوت اور نگرانی کی صلاحیت میں اضافہ ہو گا۔ بھارتی بحریہ کی مغربی بحری کمانڈ کے پی آر او کمانڈر راہول سنہا نے بتایا کہ ریاست گجرات کے ساحل پر بھارتی بحریہ کا یہ دوسرا بحری اڈہ ہو گا ضلع دوارکا میں آئی این ایس دوارکا بیس پہلے ہی کام کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سٹریٹجک لحاظ سے گجرات کا یہ ساحلی علاقہ انتہائی پیچیدہ خطہ ہے جس کے قریب ہمارے مغربی ہمسایہ ممالک ہیں ولبھ بھائی پٹیل بیس کی تعمیر کے بعد اس اڈے سے خطے میں نگرانی اور کارروائی کیلئے کسی بھی وقت بحری جنگی جہازوں کو متحرک کیا جا سکے گا۔
واضح رہے کہ ساحلی شہر ممبئی میں دہشت گرد حملے کے بعد سے پاکستان کے ساحلی علاقوں سے متصل بھارتی خطے میں سکیورٹی اور نگرانی سخت کرنے کا معاملہ بھارتی بحریہ میں سوچ بچار کا اہم نقطہ رہا ہے۔ ’’سردار ولبھ بھائی پٹیل‘‘ جن کے نام پر یہ نیول بیس بنایا گیا ہے وہ کانگریس کے فسادی رہنما کے طور پر جانے جاتے ہیں جنہوں نے 1947ء کی تقسیم ہند کے دوران پاکستان ہجرت کرنیوالے سینکڑوں مسلمانوں کا قتل عام کرایا اور ہندو سکھ فسادیوں کو بھڑکایا اس کے علاوہ سکھوں کو ورغلا کر مسلمانوں سے دور کرکے بھارت میں ہی رہنے پر راضی کیا۔