پراپرٹی ٹیکس کی عدم ادائیگی , قذافی سٹیڈیم سیل ، عدالت نے پی سی بی کی حکم امتناعی کی درخواست خارج کردی
لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک)محکمہ ایکسائز نے 4کروڑ 80لاکھ روپے پراپرٹی ٹیکس کی عدم ادائیگی کے باؑعث قذافی سٹیڈیم کو سیل کردیا۔عدالت نے محکمہ ایکسائز کے دلائل تسلیم کرتے ہوئے پی سی بی کی حکم امتناعی کی درخواست خارج کر دی ، سٹیڈیم کے ذمے 4 کروڑ 80 لاکھ روپے واجب الادا ہیں ۔
پی سی بی نے لاہور ہائیکورٹ سے ٹیکس ادائیگی پر حکم امتناعی حاصل کرنے کی کوشش کی تھی اور موقف اختیار کیا تھا کہ سٹیڈیم غیر کاروباری اور کھیلوں کی سرگرمیوں کی جگہ ہے جس کو ٹیکس استثنیٰ حاصل ہے،جبکہ محکمہ ایکسائز کا عدالت میں موقف رہا کہ سٹیڈیم کی حدود میں ہوٹلز اور دکانیں موجود ہیں جن کی آمدنی پی سی بی حاصل کر رہا ہے جس پر پراپرٹی ٹیکس واجب الادا ہے ۔
عدالت نے محکمہ ایکسائز کا موقف درست تسلیم کرتے ہوئے پی سی بی کی حکم امتناعی کی درخواست گزشتہ روز خارج کر دی تھی جس کے بعد محکمہ ایکسائز نے کارروائی کرتے ہوئے قذافی سٹیڈیم کو سیل کر دیا ہے۔