زمبابوے کرکٹ بورڈ نے بھی دورہ پاکستان کی باضابطہ تصدیق کردی ، پی سی بی کا شیڈول کااعلان
ہرارے، لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) زمبابوے کرکٹ بورڈ نے مئی میں دورہ پاکستان کی باضابطہ طورپر تصدیق کردی ہے جس کے بعد پی سی بی نے شیڈول کا بھی اعلان کردیاجبکہ انتظامیہ نے پی سی بی کو مہمان کرکٹ ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے ۔
مائیکروبلاگنگ ویب سائیٹ ٹوئیر پر اپنے ایک ٹوئیٹ میں چیئرمین زمبابوے کرکٹ بورڈ نے لکھاہے کہ مئی میں پاکستان کادورہ کریں گے ، ون ڈے اور ٹی 20سیریز کھیلی جائے گی ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان نے کہاہے کہ زمبابوے ٹیم 19مئی کو پاکستان پہنچے گی اور دورے کے دوران دوٹی 20اور تین ون ڈے میچ کھیلے جائیں گے ،پہلاٹی ٹوئنٹی 22مئی اور دوسرا 24مئی کو کھیلاجائے گاجبکہ پہلا ون ڈے 26مئی ، دوسرا29اورتیسرا 31مئی کو کھیلاجائے گا۔اُن کا کہناتھاکہ دورہ زمبابوے سے پاکستان کو بہت فائدہ ہوگااور یہ دورہ کینیاءسے مختلف ہوگا، زمبابوے آئی سی سی کی مکمل ممبر ہے اور آئی سی سی نے ہماری کرکٹ کی بحالی کے لیے مدد کرنی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں ان کاکہناتھاکہ چیف سیکریٹری نے عمارت سیل کرنے پر معذرت کی ہے ، حکومت سے ایک روپیہ نہیں لیتے لیکن ٹیکسز باقاعدہ اداکرتے ہیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں اُن کاکہناتھاکہ شاہد آفریدی نے کرکٹ کی دنیا میں ایک نام پیداکیاہے ، اچھے انداز میں الوداع کریں گے ۔
آفریدی کے کیئریئرسے متعلق نہایت اہم اعلان کی تفصیلات کیلئے یہاں کلک کریں ۔
دوسری طرف چیف سیکریٹری پنجاب کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلا س ہوا جس میں چیئرمین پی سی بی، آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہورنے شرکت کی ۔ اجلاس میں سیکیورٹی صورتحال کاجائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیاگیاکہ زمبابوے کی ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی تاکہ دیگرممالک کی ٹیموں کو بھی پاکستان آکر کھیلنے کیلئے راضی کیاجاسکے ۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق آئی جی پنجاب نے کہاکہ شائقین کے جان ومال کی حفاظت بھی یقینی بنائی جائے گی ، عام لوگ بھی میچ دیکھ سکتے ہیں ۔