پاکستان کرکٹ ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے لالے پڑ گئے
دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں شرمناک وائٹ واش کے بعد پاکستانی ٹیم آئی سی سی رینکنگ میں بنگلہ دیش سے بھی نیچے 9 ویں نمبر پر پہنچ گئی ہے اور اب اسے چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے لالے بھی پڑ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان بنگلہ دیش کے ہاتھوں ایک روزہ میچوں کی سیریز میں لگاتار تین شکستوں کی بدترین کارکردگی کے بعد آئی سی سی رینکنگ میں 9ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے۔اس سے قبل پاکستان ساتویں نمبر پر تھا تاہم تین میچز ہارنے کے بعد اس کا نمبر نواں ہو گیا ہے جبکہ بنگلہ دیش آٹھویں اور ویسٹ انڈیز ساتویں نمبر پر براجمان ہیں۔ بدترین کارکردگی اور رینکنگ میں تنزلی کے بعد پاکستان کو آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے کے لالے بھی پڑ گئے ہیں جہاں ابتدائی 8 ٹیمیں ہی ایونٹ کھیلنے کی اہل ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2017 ءمیں کھیلنے کیلئے زمبابوے اور سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنا لازمی ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017ءمیں یکم جون سے 19 جون تک کھیلی جائے گی اور اس میں شرکت کیلئے 30 ستمبر 2015ءتک آئی سی سی کی ابتدائی 8 پوزیشنز پر موجود ٹیموں کا انتخاب کیا جائے گا اور اس دوران اگر پاکستان ٹیم اپنی رینکنگ بہتر کرنے میں کامیاب نہ ہوئی تو چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کا موقع نہیں مل سکے گا۔ دوسری جانب آئی سی سی رینکنگ میں عالمی چیمپیئن آسٹریلیا پہلے، ہندوستان دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے، جنوبی افریقہ چوتھے، سری لنکا پانچویں، انگلینڈ چھٹے اور ویسٹ انڈیز ساتویں نمبر پر موجود ہے۔