موسیقی سننے اور ٹی شرٹس پہننے پر پابندی ، داعش کا نیا فرمان جاری
دمشق (مانیٹرنگ ڈیسک)داعش کی جانب سے الرقہ شہر کی مقامی آبادی میں پمفلٹس تقسیم کیے ہیں جن میں انہیں متنبہ کیا ہے کہ وہ مختلف ملکوں کے سپورٹس کلبوں کے ”لوگو“ پر مشتمل ٹی شرٹس استعمال نہ کریں اور عالمی گلوکارہ میڈونا کے گانوں کو حرام قراردیا، بالخصوص مانچسٹر یونائیٹڈ، بارسلونا، ریال میڈریڈ اور میلان جیسے الفاظ اور لوگو پر مشتمل ٹی شرٹس استعمال نہ کی جائیں۔ بْتوں کی پوجا سے بھی سختی سے منع کیا گیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ نئے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بلا تفریق 80 کوڑے مارے جائیں گے۔
داعش کی جانب سے بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکارہ میڈونا کے گانے سننے کو بھی 'حرام' قرار دیا گیا ہے اور کہا ہے کہ میڈونا کے گانے سننا اسلامی تعلیمات کے خلاف ہیں۔ شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ ان ممنوعات سے گریز کریں ورنہ انہیں 80 کوڑوں کی سزا ہو سکتی ہے۔ داعش کی جانب سے بعض انگریزی اور مسیحی مذہب کی اصطلاحات بالخصوص صلیب کے نشان، انجیل، عیسائی راھبوں کی تصاویر یا ان کے ناموں والی ٹی شرٹس پہننے پر بھی پابندی عائد کی ہے۔ علاوہ ازیں غیر اخلاقی عبارات پر مشتمل شرٹس کو استعمال کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے۔