نئے سعودی ولی عہد کے بارے میں وہ دلچسپ اور حیرت انگیز باتیں جو آپ کو معلوم نہیں
ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) بدھ کے روز جاری کئے جانے والے ایک شاہی فرمان میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے شہزادہ محمد بن نائف کو ولی عہد مقرر کردیا جبکہ ان کے پاس وزیر داخلہ کا عہدہ بھی ہوگا۔
شہزادہ محمد مملکت سعودی عرب کے لئے اپنی شاندار خدمات اور خصوصاً شدت پسندی اور دہشت گردی کے خلاف مردانہ وار لڑنے کی وجہ سے فولادی عزم والی شخصیت کے طور پر مشہور ہیں۔ وہ 30 اگست 1959ءکو جدہ میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم کیپیٹل انسٹی ٹیوٹ ریاض میں حاصل کی۔ انہوں نے یونیورسٹی کی تعلیم امریکا میں حاصل کی جہاں لیوس کلارک فیکلٹی پورٹ لینڈ سے پولیٹیکل سائنس میں ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے فوجی تربیت اور اینٹی ٹیرر ازم کے متعدد کورسز مملکت سعودی عرب اور بیرون ممالک سے کئے۔
1999ءمیں ایک شاہی فرمان کے ذریعے انہیں نائب وزیر داخلہ برائے امور سلامتی مقرر کیا گیا۔ شہزادہ محمد کی تقرری امن پسند سعودی شہریوں کے لئے اس حوالے سے بھی اچھی خبر ہے کہ انہوں نے مملکت سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ شاہی خاندان کے واحد فرد ہیں کہ جن پر 2009ءمیں دہشت گردوں نے حملہ کیا۔ وہ سعودی بادشاہت کے لئے ولی عہد بننے والے مرحوم کنگ عبدالعزیز کے پہلے پوتے بھی ہیں۔ انہیں یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ پرنس نائف انٹرنیشنل پرائز برائے سنت رسول ﷺ و ہم عصر تعلیمات اسلامی کے ادارے کے اہم رکن ہیں۔