ٹیچر نے سبق یاد نہ کرنے پر طالبات کو کمرے میں بند کرکے بال کاٹ دیئے
چنیوٹ (ویب ڈیسک) گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری ماڈل سکو ل کی سائنس ٹیچر نے آٹھویں جماعت کی طالبات کو سبق یاد نہ کرنے پر کمرے میں بند کرکے قینچی سے ان کے بال کاٹ دیئے۔
روزنامہ نوائے وقت کے مطابق طالبات نے بتایا کہ عاصمہ نامی ٹیچر نے دوبارہ سبق یاد نہ کرنے پر گنجا کرنے کی بھی دھمکی دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سکول میں پڑھائی کی طرف کم اور پٹائی کی طرف زیادہ توجہ دی جاتی ہے۔ والدین کا کہنا تھا کہ ہم بچیوں کو سکول تعلیم حاصل کرنے کے لیے بھیجتے ہیں اگر طالبات کو سبق یاد نہیں تھا تو والدین کو بلوا کر انہیں بتایا جاتا۔ بال کاٹنے کی کیا ضرورت تھی۔
والدین کی طرف سے ڈپٹی کمشنر کو سکول ٹیچر کے خلاف کارروائی کے لیے درخواست بھی دے دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر امان انور نے سکول ٹیچر عاصمہ کو معطل کرکے سی ای او ایجوکیشن محمد اسماعیل کو دو دن میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔