نامور اداکارعرفان خان کی موت بڑاصدمہ،صبا قمر

نامور اداکارعرفان خان کی موت بڑاصدمہ،صبا قمر

  

لاہور(فلم رپورٹر)لاتعداد فلموں میں لازوال اداکاری کے جوہر دیکھانے والے بھارت کے مقبول اداکار عرفان خان کی وفات پرنامور پاکستانی اداکارہ وماڈل صباقمر نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی موت کو بڑا صدمہ قرار دیا ہے۔اس بارے میں صبا قمر کا کہنا ہے کہ مجھے ذاتی طور پر عرفان خان کی موت کا بہت زیادہ افسوس ہے کیونکہ میں ان کے ساتھ کام بھی کرچکی ہوں جبکہ وہ مجموعی طور پر بہترین انسان تھے جو ہر کسی کو عزت دیتے تھے۔جب میں ”ہندی میڈیم”کے لئے بھارت گئی تو اس سے پہلے ہی عرفان خان میرے بھی پسندیدہ فنکار تھے۔ میرے دل میں کئی وسوسے بھی تھے کہ وہ سپرسٹار ہیں ناں جانے ان کا رویہ کس طرح کا ہوگا لیکن وہاں سب لوگوں نے مجھے بہت پیار دیا اور خاص طور عرفان خان کا رویہ سب سے زیادہ اچھا تھا۔ مجھے ان کے ساتھ کام کرکے کبھی محسوس نہیں ہوا کہ وہ سپرسٹار ہیں کیونکہ ان کے رویئے سے کبھی ایسا لگا ہی نہیں۔صبا قمر نے مزید کہا کہ وہ بہت ہی نرم مزاج اور مدد کرنے والے انسان تھے جنہیں سب کی فکر ہوتی تھی،سیٹ پر وہ زیادہ تر اپنے کیریکٹر میں ہی رہتے تھے۔

 یاد رہے کہ 19 مارچ 2017 کو ریلیز ہونے والی فلم”ہندی میڈیم“ صرف 14 کروڑ روپے کے بجٹ سے بنائی گئی جس نے 300 کروڑ روپے سے زیادہ بزنس کیا تھا۔ اس فلم میں صبا قمر اور عرفان خان نے میاں بیوی کا کردار کیا تھا جو اپنی بیٹی کو انگریزی تعلیم دلانے کے لئے مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔صبا قمر کا مزید کہنا تھا کہ عرفان عظیم فنکار تھے جن کا ہر کردار لاجواب تھا،بالی ووڈ ایک بہت بڑے فنکار سے محروم ہوگیا ہے۔

مزید :

کلچر -