کشمیریوں پر مظالم قبول نہیں، بھارتی اشتعال نگیزیاں خطے کے امن کیلئے خطرہ، پا ک فوج ایل او سی پر بیگناہ شہریوں کا تحفظ یقینی بنائے: جنرل باجوہ

  کشمیریوں پر مظالم قبول نہیں، بھارتی اشتعال نگیزیاں خطے کے امن کیلئے خطرہ، ...

  

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بھارت کے جارحانہ عزائم خطے کے امن واستحکام کیلئے خطرہ ہیں، جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر بھارت کو موثر جواب ملنا چاہیے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے لائن آف کنٹرول پر فارورڈ بیسز کا دورہ کیا۔ کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے ایل او سی پر آرمی چیف کا استقبال کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی پر بریفنگ بھی دی گئی۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کا ظلم وجبر اور آزاد کشمیر میں شہری آبادی کو نشانہ بنانا بھی ناقابل قبول عمل ہے۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بھارت کے جارحانہ عزائم خطے کے امن اور استحکام کیلئے خطرہ ہیں۔ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر بھارت کو موثر جواب ملنا چاہیے۔ان کا کہنا تھا پاک فوج مادر وطن کی عزت اور علاقائی سالمیت کا دفاع ہر قیمت پر کرے گی۔ پاکستان آرمی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر شہری آبادی کو محفوظ بنائے۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے اگلے مورچوں پر موجود افسروں اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ پاک فوج کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے قومی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گی۔ قابض بھارتی فوج کا کشمیریوں پر ظلم قبول نہیں، آزاد کشمیر کی شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا برداشت نہیں کرسکتے، ہر قیمت پر مادر وطن کا دفاع یقینی بنائیں گے۔ واضح رہے کہ دو روز قبل بھارتی فوج نے جندروٹ، کھوئی رٹہ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی تھی،جس کے نتیجے میں 36سالہ یاسمین بی بی شہید اور 8سالہ بچی عطیہ ظہیر زخمی ہوگئی تھی۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ مودی کو اقتدار ملنے سے ہندو توا، سیفران دہشت گردی بھارت میں انتہا پر پہنچ گئی ہے، مودی نے آر ایس ایس کے انتہا پسند نظریے، تشدد کی پالیسی کو سرحد پار تک پھیلا دیا۔

آرمی چیف

مزید :

صفحہ اول -