مشکل وقت عارضی، حکومتی اقدامات سے صورتحال میں جلد بہتری آئے گی: عثمان بزدار

      مشکل وقت عارضی، حکومتی اقدامات سے صورتحال میں جلد بہتری آئے گی: عثمان ...

  

سیالکوٹ، ہیڈ مرالہ،لاہور(بیورورپورٹ،نمائندہ پاکستان،جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سیالکوٹ اور ہیڈمرالہ کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سیالکوٹ میں پسرور روڈ پر صرف 5 روز میں قائم 203 بستروں پر مشتمل جدید فیلڈ ہسپتال کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ٹائیگرفورس کے اراکین سے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے احساس کفالت پروگرام کے تحت مالی امداد تقسیم کرنے کے مرکز اور چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے سینٹر کا بھی دورہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں کورونا وائرس کی صورتحال، علاج معالجے کے انتظامات، انسداد ڈینگی کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور گندم خریداری مہم کا جائزہ لیا گیا۔سیالکوٹ میں 203 بستروں پر مشتمل جدید فیلڈ ہسپتال کا معائنہ: وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے 203 بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال میں کورونا متاثرہ مریضوں کیلئے فراہم کی جانے والی سہولتو ں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مختصر وقت میں فیلڈ ہسپتال قائم کرنے پر انتظامیہ کو شاباش دی اور فیلڈ ہسپتال میں علاج معالجے کی جدید سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ فیلڈ ہسپتال میں خواتین کیلئے علیحدہ آئسولیشن وارڈ قائم کیا گیا ہے جبکہ فیلڈ ہسپتال میں ڈیوٹی سٹاف روم اور مریضوں کے رشتے داروں کیلئے بھی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ مریضوں کو سکائپ کے ذریعے اپنے اہل خانہ سے رابطہ کرنے کی سہولت دی گئی ہے۔لاہور، راولپنڈی، سیالکوٹ اور دیگر شہروں میں جدید فیلڈ ہسپتال قائم کئے گئے ہیں۔فیلڈ ہسپتالوں میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کیلئے علاج معالجے کی جدید سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو فیلڈ ہسپتال میں فراہم کردہ سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ احساس کفالت پروگرام کے تحت مالی امداد تقسیم کرنے کے سینٹر کا دورہ: وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے احساس کفالت پروگرام کے تحت سیالکوٹ میں مالی امداد تقسیم کرنے کے سینٹر کا دورہ کیا اور سینٹر میں مستحق خواتین میں مالی امداد کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خواتین سے سینٹر میں کئے گئے انتظامات کے بارے میں دریافت کیا۔ خواتین نے مالی امداد کی تقسیم کے عمل میں شفافیت پر اطمینان کا اظہار کیا اور انتظامات کی تعریف کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اور شفاف ترین مالی امداد کا پروگرام کامیابی سے چل رہا ہے۔پنجاب میں مالی امداد کی تقسیم کے پروگرام کی خود نگرانی کررہا ہوں۔حقدار کو اس کا جائز حق د یا جا رہا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مالی امداد تقسیم کرنے کے امور اور سینٹر میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ ٹائیگر فورس کے اراکین سے ملاقات: وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سیالکوٹ میں ٹائیگر فورس کے اراکین سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ٹائیگر فورس کی کیپ پہنائی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے اراکین متاثرہ خاندانوں کی مدد کیلئے دن رات ایک کردیں۔دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والوں کو دنیا اور آخرت میں اجر ملے گا اور مجھے امید ہے کہ ٹائیگر فورس کے جوان خدمت کی نئی مثال قائم کریں گے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ٹائیگر فورس کے قیام کے اغراض و مقاصد کے بارے میں بریف کیا۔ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے سینٹر کا دورہ، بے سہارا بچوں میں تحا ئف تقسیم کئے: وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سیالکوٹ میں چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے سینٹر کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سینٹر میں زیرکفالت بچوں سے ملاقات کی اور ان میں تحائف تقسیم کئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے بچوں کے ساتھ شفقت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ بے سہارا بچوں کی خدمت کرنا ایک عبادت ہے۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو بے سہارا بچوں کیلئے سہارا بنا ہوا ہے۔ چیئرپرسن پنجاب چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو زیر کفالت بچوں کیلئے سینٹر میں فراہم کردہ سہولتوں سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار، پی ٹی آئی کی رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، عمر ڈار، صوبائی وزراء محسن لغاری، حسنین بہادر دریشک، محمد اخلاق، رکن پنجاب اسمبلی محی الدین کھوسہ، کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن، چیئرپرسن پنجاب چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر آفس میں خصوصی اجلاس، کورونا کی صورتحال، انسداد ڈینگی کے اقدامات اور گندم خریداری مہم کا جائزہ: وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت ڈپٹی کمشنر آفس سیالکوٹ میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں کورونا وائرس کی صورتحال، علاج معالجے کے انتظامات، انسداد ڈینگی کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور گندم خریداری مہم کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سیاسی و انتظامی ٹیم کو مزید متحرک انداز میں عوامی خدمت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت دکھی انسانیت کے ساتھ کھڑا ہونے کا ہے۔آپ کی خدمت کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ منتخب نمائندے اور انتظامی افسران متاثرہ افراد کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ہماری تمام توجہ کورونا کی روک تھام پر ہے۔کورونا ایک چیلنج ہے جس سے مشترکہ اقدامات کرنمٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء پر قابو پانے کیلئے محکمہ صحت کو 15 ارب روپے کی رقم جاری کی جا چکی ہے۔پی ڈی ایم اے کو ضروری ساز و سامان کی خریداری کیلئے اڑھائی ارب روپے کے فنڈز دیئے گئے ہیں۔ صوبے میں کورونا ٹیسٹنگ کی صلاحیت کو بڑھایا جا رہا ہے اور بہت جلد روزانہ 10 ہزار ٹیسٹ کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سیاسی و انتظامی ٹیم کو انسداد ڈینگی کیلئے بھی ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی روک تھام کے ساتھ انسداد ڈینگی اور گندم خریداری مہم پر بھی پوری توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں اب تک 17 اضلاع کے دورے کر چکا ہوں اور وزٹ کرکے خود صورتحال کا جائزہ لے رہا ہوں۔پنجاب حکومت مشکل کی گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ ہے۔ ہماری نیت نیک اور جذبے بلند ہیں، کورونا وباء کی روک تھام کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ہر شہر کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور میں خود صورتحال کا جائزہ لینے فیلڈ میں موجود ہوں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سیالکوٹ میں سڑکوں کی صورتحال ابتر ہے۔گزشتہ 10 برس کے دوران سیالکوٹ کی سڑکوں پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ہماری حکومت تعمیر و مرمت کرکے سڑکوں کو بہتر بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن سینٹر سے ملحقہ پارک کی صورتحال دیکھ کر دکھ ہوا ہے اور ہم اس پارک کو بھی ٹھیک کریں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔ عوامی نمائندوں نے کورونا وباء کے دوران موثر اقدامات اٹھانے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی تعریف کی اور کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار فرنٹ لائن پر آ کر عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے قابل تحسین اقدامات کئے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آپ شہر شہر جا کر خود صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور عوامی خدمت کو نیا انداز دیا ہے۔ آپ دن رات عوامی خدمت میں مصروف ہیں۔ صنعتکاروں کے وفدکی ملاقات، تعاون کی یقین دہانی: وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے سیالکوٹ میں صنعتکاروں کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صنعتکاروں کی جانب سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ صنعتکاروں نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کے حوالے سے حکومتی اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔ کورونا وباء کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر صنعتکاروں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صنعتکاروں کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے بعض صنعتوں کو کام کرنے کی اجازت دی ہے۔صنعتوں کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد کی پابندی کو یقینی بنایا گیا ہے اور صورتحال بہتر ہونے پر مزید صنعتوں کو کام کرنے کی اجازت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں کی مشکلات کا ادراک ہے۔مشکل وقت عارضی ہے، انشاء اللہ حکومتی اقدامات سے صورتحال میں جلد بہتری آئے گی۔مرالہ ہیڈ ورکس کا دورہ، بیراج کے مختلف سیکشن دیکھے: وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سیالکوٹ کے بعد مرالہ ہیڈ ورکس کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہیڈمرالہ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ صوبائی وزراء محسن لغاری اور حسنین بہادر دریشک بھی ہمراہ تھے۔ چیف انجینئر اریگیشن نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مرالہ ہیڈ ورکس کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو سیلاب سے بچاؤ کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو بیراج کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کے پاس دنیا کا بہترین آبپاشی کا نظام موجود ہے۔آبپاشی کے نظام کی تسلسل کے ساتھ دیکھ بھال ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی کے نظام کو بہتر بنائیں گے اور آبپاشی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے نئے منصوبے شروع کریں گے۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -