کورونا سے مزید 21افراد جاں بحق، 717نئے کیسز رپورٹ، 24گھنٹوں میں مزید 1398امریکی ہلاک

        کورونا سے مزید 21افراد جاں بحق، 717نئے کیسز رپورٹ، 24گھنٹوں میں مزید ...

  

اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور (سٹاف رپورٹرز، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)ملک میں کورونا وائرس مزید 21 زندگیاں نگل گیا جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 348 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 15525 تک جا پہنچی ہے۔اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 122 افراد انتقا ل کر چکے ہیں جبکہ سندھ میں 100 اور پنجاب میں،105 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 14، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔ بروز بدھ ملک بھر سے کورونا کے مزید 717 کیسز سامنے آئے اور 21 ہلاکتیں بھی ہوئیں جن میں سندھ سے 404 کیسز 8 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا 153 کیسز 8 ہلاکتیں، پنجاب میں کیسز97 اور 5ہلاکتیں اسلام آباد 36، بلوچستان سے 121 اور گلگت بلتستان سے 3کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔صوبے میں کورونا کے مزید 404 کیسز رپورٹ ہوئے اور 8 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔صوبائی حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے نئے کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 5695 ہوگئی ہے جب کہ اب تک کل 100 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 208 افراد کورونا سے صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1169 ہوگئی ہے۔وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے مزید 36 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 297 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔بلوچستان میں کورونا کے مزید 121 کیسز سامنے آئے جس کی تصدیق صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کی۔پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 97 نئے کیسز اور 5 اموات سامنے آگئیں۔ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب میں 97 کیسز سے مجموعی تعداد 5827 ہوگئی۔ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ صوبے میں اب تک اموات کی تعداد 100 ہوچکی ہے جبکہ 22 مریض کی حالت تشویش ناک ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے اب تک صوبے میں 1510 افراد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔خیبر پختونخوا میں بدھ کو کورونا وائرس کے 153 نئے کیسز اور 8 اموات بھی سامنے آئیں جس کے بعد صوبے میں کورونا مریضوں میں مجوعی تعداد 2313 اور ہلاکتیں 122 ہوگئیں۔ خیبرپختونخوا میں اب تک 614 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔گلگت بلتستان میں بدھ کو مزید 3 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 333 ہوگئی ہے۔محکمہ صحت کے مطابق مزید 4 افراد کے صحت یاب ہونے کے بعد اب تک 228 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔آزاد کشمیر سے منگل کو کورونا کے مزید 6 کیسز سامنے ا?ئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 65 ہوگئی ہے۔

پاکستان ہلاکتیں

واشنگٹن،لندن، میڈرڈ، برسلز،ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) عالمگیر کورونا وباء سے امریکہ میں ایک بار پھر کورونا سے اموات میں اضافہ ہو گیاہے جبکہ عالمگیر وبا کے باعث دنیا بھر میں اموات کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 25 ہزار903 ہو گئی ہے۔جونز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1398 اموات ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد ہلاک افراد کی تعداد 60 ہزار 655 ہو گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ49 ہزار 756 تک پہنچ گئی ہے جو دنیا بھر کے مجموعی کیسز کا ایک تہائی ہے۔اٹلی میں عالمگیر وبا سے اموات کی تعداد 27 ہزار 359 تک پہنچ گئی ہے جبکہ سپین میں 23 ہزار 822 افراد اب تک ہلاک ہو چکے ہیں۔فرانس میں بھی 23 ہزار 660 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں،تاہم فرانسیسی حکومت نے بڑے پیمانے پر کورونا ٹیسٹنگ کیساتھ 11 مئی سے لاک ڈاؤن میں بتدریج نرمی کا اعلان کر دیا ہے۔جرمنی میں بھی لاک ڈاؤن میں نرمی کی جا چکی ہے،تاہم وائرس کے دوبارہ پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر عوام کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔آزربائیجان نے اپنی سرحدیں 31 مئی تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے جبکہ ترکی نے بھی 3000 اموات کے بعد سکولوں کو مئی کے آخر تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔روس میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹو ں کے دوران 107 نئی ہلاکتیں اور 5 ہزار 800 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔برازیل میں کورونا سے اموات کی تعداد 5 ہزار سے زائد ہو چکی ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد بھی 73 ہزار 235 تک پہنچ گئی ہے۔برطانیہ میں وبا سے اموات کی تعداد ساڑھے 21 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جبکہ بیلجیم میں 7 ہزار 331 اور نیدرلینڈ میں 4 ہزار 566 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔دنیا بھر میں کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد 2 لاکھ 18 ہزار 187 ہو گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 31 لاکھ 47 ہزار 626 ہو چکی ہے جس میں سے 9 لاکھ 61 ہزار سے زائد افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔بھارت میں کرونا سے ہلاکتیں ایک ہزار سے متجاوز، 47 اہلکا ر وں میں بھی کورونا کی تصدیق ہوئی ہے،بھارت میں کورونا وائرس سے ایک روز کے دوران سب سے زیادہ 73 اموات ہوئی ہیں۔ جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزارتِ صحت نے بتایاکہ ملک بھر میں کرونا وائرس سے متاثر ہونیوالے افراد کی تعداد 31 ہزار 332 تک پہنچ گئی ہے اور اب تک ایک ہزار سات افراد اس وبا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔بدھ کے روز سپین میں مزید 453،اٹلی 323،روس 165،بیلجیم 107اور میکسیکو میں 135افراد ہلاک ہو گئے۔

عالمی ہلاکتیں

مزید :

صفحہ اول -