بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار عرفان خان خالق حقیقی سے جا ملے

بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار عرفان خان خالق حقیقی سے جا ملے

  

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)بھارتی فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار عرفان خان ممبئی میں انتقال کرگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق 53 سالہ عرفان خان کولون (بڑی آنت) کے انفیکشن کے باعث ممبئی کے کوکیلابین دھیروبھائی امبانی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔عرفان خان کئی ماہ سے کینسر کیخلاف جنگ بھی لڑ رہے تھے اور چند ماہ قبل لندن میں زیر علاج رہنے کے بعد واپس ممبئی آئے تھے۔گزشتہ روز اداکار عرفان خان کے ایک ترجمان نے تصدیق کی کہ ان کی طبیعت بگڑنے پر انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا۔عرفان خان کو مارچ 2018 ء میں نیورو اینڈوکرائن کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد وہ کینسر کے علاج کیلئے لندن منتقل ہوگئے تھے۔بعد ازاں وہ فروری 2019ء میں اپنی فلم 'انگریزی میڈیم' کی شوٹنگ کیلئے واپس بھارت آئے تھے اور شوٹنگ ختم ہونے کے بعد واپس لندن چلے گئے تھے۔عرفان خان لندن میں کینسر کے علاج اور سرجری ہونے کے بعد ستمبر 2019 ء میں بھارت آئے تھے۔اداکار عرفان خان نے ہندی میڈیم، انگریزی میڈیم، لنچ باکس اور پیکو سمیت متعدد فلموں میں کام کیا اور شاندار اداکاری سے لوگوں کو اپنا گرویدہ بنالیا۔عرفان خان کی ہالی وڈ فلموں میں لائف آف پائی، جراسک ورلڈ، سلم ڈاگ ملینیئر اور دی ایمزنگ اسپائیڈرمین شامل ہیں۔25 اپریل کی صبح بالی وڈ اداکار عرفان خان کی والدہ سعیدہ بیگم 95 سال کی عمر میں جے پورمیں انتقال کر گئیں تھیں اور عرفان خان لاک ڈاؤن کی وجہ سے ممبئی سے جے پور اپنی والدہ کے جنازے میں شرکت نہیں کر سکے تھے، انہوں نے ویڈیو کالنگ کے ذریعے اپنی مرحوم والدہ کا آخری دیدار کیا تھا۔اداکار عرفان خان کے انتقال پر بالی وڈ اداکار امیتابھ بچن سمیت دیگر بھارتی شوبز شخصیات نے افسو س کا اظہار کیا ہے۔ بالی وڈ اداکار عرفان خان کے انتقال پر پاکستان شوبز انڈسٹری کی شخصیات کی جانب سے بھی افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔اداکارہ سجل علی نے عرفان خان کے انتقال پر حیرانی اور افسوس کا اظہار کیا۔اداکارہ ارمینا رانا خان نے کہا کہ آج میں بے حد افسردہ ہوں، میں عرفان خان کے کام کی مداح ہوں، خاص طور پر ان کی فلم 'لائف آف پی' کی۔ اداکارہ نے مزید کہا کہ عرفان خان کا انتقال فلم انڈسٹری کیلئے بہت بڑا نقصان ہے۔ اداکارہ اشنہ شاہ نے عرفان خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا یہ نقصان اداکاری کے میدان میں ایک خلا چھوڑ گیا ہے جسے پورا کرنا مشکل ہے۔لالی وڈ اداکار شان شاہد نے عرفان خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لواحقین کیلئے صبر کی دعا بھی کی۔خیال رہے 2017 میں پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے بالی وڈ اداکار عرفان خان کے فلم ’ہندی میڈیم‘ میں کام کیا تھا۔

عرفان خان انتقال

مزید :

صفحہ اول -