عثما ن بزدار کورونا کیخلاف جنگ میں سب سے آگے کھڑے ہیں: فیاض الحسن چوہان
لاہور(این این آئی)صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ سردار عثمان بزدار کرونا کے خلاف جنگ میں سب سے آگے کھڑے ہیں اور اپنے جذبے، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے دوسرے صوبوں کے وزرائے اعلی اور سیاستدانوں کیلئے ایک قابلِ تقلید مثال قائم کر رہے ہیں۔اپنے ایک بیان میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ کرونا کے آنے سے لیکر اب تک ہر موقع کی مناسبت سے سردار عثمان بزدار نے جنگی بنیادوں پر اور تمام عوامل کو مدِنظر رکھتے ہوئے بروقت اور موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔ کرونا کے حوالے سے قانون سازی، متاثرین اور نچلے طبقے کے لیے ریلیف پیکج اور فرنٹ لائن ورکرز کے لیے اضافی تنخواہوں جیسے اقدامات پنجاب میں دیگر صوبوں سے پہلے شروع کیے گئے۔ اب تک صوبے بھر میں ہنگامی بنیادوں پر تقریبا 70ہزار بستروں پر مشتمل قرنطینہ مراکز اور کرونا وارڈز بنائے جا چکے ہیں اور وزیر اعلی سردار عثمان بزدار انتظامی امور کے جائزے کے لیے 17اضلاع کے دورے بھی کر چکے ہیں۔ روزانہ کی بنیادوں پر کرونا ٹیسٹنگ کیپسٹی میں اضافے کے بعد سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر آج سے پنجاب میں کرونا کی سمارٹ سیمپلنگ کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے۔ سمارٹ سیمپلنگ کے نتائج کی بنیاد پر مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنے اور فیصلوں کے لیے ایک مایہ ناز کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے جس سے کرونا کے حوالے سے بروقت اقدامات کیے جا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا بحران کے باوجود انسدادِ ڈینگی اقدامات، ٹڈی دل کے تدارک، آئندہ مہینوں میں ممکنہ سیلاب سے بچا ؤکے اقدامات اور گندم خریداری صوبے بھر میں جاری ہے۔
فیاض الحسن چوہان