مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی بھارتی قبضہ اقوام متحدہ، عالمی قانون کیلئے کھلاچیلنج: شہباز شریف

    مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی بھارتی قبضہ اقوام متحدہ، عالمی قانون کیلئے ...

  

لاہور (آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر قائدحزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی جرات اور عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں،کشمیری 7 دہائیوں سے زائد عرصہ سے بھارتی ظلم واستبداد کا اپنے آہنی عزم کے ساتھ مقابلہ کررہے ہیں،مقبوضہ جموں وکشمیر پر غیرقانونی بھارتی قبضہ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور عالمی قانون کے لئے کھلا چیلنج ہے،عالمی اداروں کی ساکھ اس وقت تک بحال نہیں ہوگی جب تک مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا جمہوری اور قانونی حق مل نہیں جاتا،نہتے کشمیری عوام حق استصواب رائے کا وعدہ پورا ہونے کے منتظر جام شہادت نوش کررہے ہیں،5 اگست2019 سے مودی کی بربریت اور ظلم کا ایک نیا بھیانک دور شروع ہوا،مقبوضہ وادی میں لاک ڈاون، کمیونیکیشن بلیک آوٹ اور دیگر غیرانسانی اور عالمی قانون کے صریحا خلاف قدغنیں جاری ہیں،کشمیری عوام کی جائیدادیں ہتھیائی اور ریاستی دہشت گردی سے زندگیاں چھینی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا ایک طرف قابض بھارتی افواج ظلم کی انتہاء کررہی ہیں تو دوسری جانب کورونا وبا کے سنگین خطرات کا کشمیریوں کو سامنا ہے، یہ اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں کہ خطے میں سب سے تیزی سے کورونا وباء مقبوضہ جموں وکشمیر میں پھیل رہا ہے،مقبوضہ وادی میں اب تک 500 سے زائد کورونا متاثرین کی تصدیق ہوچکی ہے، 66 ہزار سے زائد ایسے افراد کی فہرست بنائی گئی ہے جن کے بارے میں کورونا سے متاثر ہونے کا شک ہے، بھارتی حکومت کورونا کو کشمیریوں کی نسل کشی کا ہتھیار بناچکی ہے۔ یہ مسلمانوں اور کشمیریوں سے نفرت کی مودی کی گھناونی سوچ کا مظہر ہے۔ میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بننے والے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کرتاہوں۔ اللہ تعالی شہداء کے درجات بلند فرمائے اور آپ کو صبرجمیل اور اجرعظیم عطا فرمائے۔ آمین۔ شہداء کا پاک خون گواہ ہے کہ کشمیری آزادی کا حق لے کر رہیں گے۔ انشاء اللہ۔، ہم محترم سید علی گیلانی، محترم یاسین ملک اور محترمہ آسیہ اندرابی جیسے عظیم حریت رہنماوں کی جرات کوسلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کشمیری قیادت نے اپنے بے مثال عزم سے جرات ووفا کی ناقابل فراموش تاریخ رقم کی ہے،میر واعظ محمد عمرفاروق سمیت تمام رہنماوں اور کارکنان کی جرات واستقامت پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، سلامتی کونسل کے صدر، سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں کورونا سے متاثرہ کشمیریوں کے زندہ رہنے کے بنیادی انسانی حق کی حفاظت کر،نظر بند اور قید تمام رہنماوں، کارکنان اور کم سن بچوں کو رہا کیاجائے، کورونا وباء سے بچاو اور علاج معالجے کو لسانی، مذہبی، قومیت یا کسی بھی اور تفریق سے بالا تر رکھاجائے، اقوام متحدہ، سلامتی کونسل عالمی قانون اور اپنی متعلقہ قرار دادوں کے تحت مقبوضہ کشمیر کے عوام کی زندگی کے تحفظ کے لئے یکساں معیار اپنائے،او۔آئی۔سی کے جنرل سیکرٹری یوسف بن احمد العثمین پر بھی زور دیتا ہوں کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی جان کی حفاظت کے لئے فی الفور اقدامات کریں،اسلامی امہ کے حوالے سے کشمیری عوام خاص توقعات اور امید رکھتے ہیں، میں او۔آئی۔سی کی جانب سے اس ضمن میں قبل ازیں دئیے جانے والے بیانات کی بھی تحسین کرتا ہوں،امید رکھتا ہوں کہ کورونا سے درپیش صورتحال میں وہ عملی اقدامات کریں گے،کشمیریوں کے حقوق کے لئے انصاف پر مبنی آواز بلند کرنے پر برطانیہ، امریکہ اور یورپ کے ان تمام باضمیر معزز ارکان پارلیمان کے جذبے اور کاوش کو بھی سراہتا ہوں،ان تمام رہنماوں اور قائدین سے اپیل کرتا ہوں کہ سلامتی کونسل کی جموں وکشمیر پر قراردادوں پر عمل درآمد کرانے، مقبوضہ کشمیر میں تحقیقاتی کمشن بھجوانے، لاک ڈاون اور کمیونیکیشن بلیک آوٹ ختم کرانے کے لئے آواز بلند کریں،کورونا وباء سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بچانے، انہیں ادویات اور دیگر ضروریات اشیاء کی فراہمی کے لئے خصوصی کردار ادا کریں،کمیونیکیشن کی پابندیوں کی بناء پر مقبوضہ کشمیر کا بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع ہے، کورونا وباء میں ان تک اطلاعات کی فراہمی نہ ہونے سے وہاں کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،پاکستان اور کشمیر کا تعلق روح اور سانس کا ہے، قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہہ رگ قرار دے کر یہ تعلق واضح کردیا ہے،کشمیر اور پاکستان کا جینا مرنا ساتھ ہے،ہم قائداعظم کے اس فرمان کی تعبیر کے لئے کوئی کسر اٹھانہیں رکھیں گے۔،کشمیریوں کی آزادی کے حق کی جدوجہد میں پاکستان کا بچہ بچہ ساتھ تھا، ہے اور رہے گا۔

شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -