حکومت انٹر نیشنل ”لافورس میج یور“ کے تحت قرض معافی کی درخواست دائر کرے
اسلام آباد(این این آئی)چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ کر بیرونی قرضے معافی کے لئے فورس میجیور کے تحت عالمی اداروں میں درخواست دائر کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ رحمن ملک کی جانب سے خط میں کہاگیاکہ آئی ایم ایف، ورلڈ بنک اور یو ایس ایڈ سے قرضے فورس میجیور قانون کے تحت معاف کروائے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کو کچھ بروقت اور موثر اقدامات تجویز کرنے کے لئے خط لکھ چکا ہوں، معاشی بگڑتی صورتحال کو کم کرنے کے لئے کچھ ضروری اقدامات اٹھائے وقت کی ضرورت ہے۔سینیٹر رحمان ملک نے کہاکہ کورونا وائرس کیوجہ سے عالمی ادارے معیشت کو لاحق خطرات کی انتباہ کر رہے ہیں، یہ عیاں ہے کہ کورونا وائرس کیوجہ سے پاکستان کو بہت زیادہ اقتصادی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہاکہ وبائی مرض کی وجہ سے عالمی قرض دہندگان سے معاشی پیکیج لینا وقت کی ضرورت بن چکا ہے۔ پالیسی شرح 9فیصد کرنے سے بھی کاروباری طبقے کو خاطرخواہ فائدہ نہیں پہنچے گا۔ فورس میجیور کے تحت مدد لینے کیلئے حکومت پارلیمنٹ کا اعتماد بھی حاصل کر سکتی ہے، فورس میجیور کی شق عام طور پر قدرتی آفات، وبائی بیماری، دہشت گردی جیسے حالات میں لاگو ہوتی ہے۔
رحمن ملک