عبد العلیم خان کاجیلوں میں ایمرجنسی ہیلتھ سروسز 1122کی فراہمی کا اعلان

  عبد العلیم خان کاجیلوں میں ایمرجنسی ہیلتھ سروسز 1122کی فراہمی کا اعلان

  

لاہور(لیڈی رپورٹر) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے جیلوں میں اصلاحات متعارف کرانے کی خصوصی اجازت لی ہے،قیدیوں کی تکالیف دور کرنا کسی بھی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے،پہلے مرحلے میں سینٹرل و جنوبی پنجاب میں 2سے4جیلوں کو ماڈل بنائیں گے جہاں نئی بیرکوں کی تعمیر کے علاوہ دیگر ضروری اپ گریڈیشن کے کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں گے۔اس امر کا اظہار انہوں نے کوٹ لکھپت سینٹرل جیل کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، جہاں سپیشل سیکرٹری ہوم، آئی جی جیل خانہ جات اور ڈی آئی جی ہیڈ کو آرٹر کے علاوہ سینئر افسران بھی اُن کے ہمراہ تھے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے جیلوں میں ایمرجنسی ہیلتھ سروسز 1122کی فراہمی کا اعلان کیا تاکہ قیدیوں کو24گھنٹے کسی بھی نا گہانی صورتحال میں طبی سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کوٹ لکھپت جیل میں تعمیر شدہ48سیل فنکشنل کرنے اور جیلوں میں گنجائش کے مطابق قیدیوں کی تعداد رکھنے کیلئے بھی فوری طور پر اقدامات کی ہدایت کی۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کوٹ لکھپت جیل میں فاؤنڈیشن کی جا نب سے ہو نیوالے فلاحی اقدامات کو ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کی دیگر جیلوں کو بھی اسی معیار پر لایا جائے گا جہاں قیدیوں کی کھانے پینے،واش رومز، میڈیکل سہولتوں اور رہائشی ماحو ل کو اپ گریڈ کیا جانا شامل ہوگا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہر قیدی کو بنیادی انسانی حقوق کے مطابق سہولتیں ملنا چاہئیں۔اسی طرح ذہنی طور پر معذور قیدیوں کی خصو صی نگہداشت کا بندوبست ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ جیلوں میں اپ گریڈیشن اور ترقیاتی کاموں کو روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر تیز بنانا ہوگا۔سینئر وزیر نے جیل وارڈنز اور دیگر عملے کی بہتری کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کو سفارش کرنے کا یقین دلایا۔انہوں نے کوٹ لکھپت جیل میں عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام جیل ہسپتال، واٹر فلٹریشن پلانٹس، کپڑے و ہاتھ دھو نے کی جگہ اور دیگر ترقیاتی کاموں میں سپرنٹنڈنٹ جیل اعجاز اصغر اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل ظہیر ورک کی ذاتی دلچسپی کو سراہا۔ عبدالعلیم خان نے جیل کے دورے کے بعد اعلیٰ سطحی اجلا س میں سپیشل سیکرٹری ہوم اور آئی جی جیل خانہ جات کو ہدایت کی کہ وہ کوٹ لکھپت جیل میں ہونیوالے ترقیاتی کاموں کو رول ماڈل بنا کر باقی جیلوں میں اسی طرز پر اپ گریڈ یشن کے عمل کا آغاز کریں او ر جہاں رکاوٹ ہو ان کے علم میں لائی جائے۔اس سلسلے میں آئندہ چند روز میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں عملی طور پر فیصلے بھی کیے جائیں گے۔قبل ازیں جیل کے دورے کے موقع پر سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے جیل ہسپتال، کچن، لانڈری،بیرکوں اور مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور وہاں موجود قیدیوں سے سہولتوں سے متعلق دریافت کیا۔سینئر وزیرسے عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کی جانب سے کروڑوں روپے سے مکمل ہونیوالے فلاحی منصوبوں پر اظہار تشکر کیا گیا۔سینئر وزیر کو جیل کے دورے پر چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی جبکہ گلدستہ بھی دیا گیا۔ممبر قومی اسمبلی عامر کیانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

علیم خان اعلان

مزید :

صفحہ آخر -