"چین چاہتا ہے کہ میں دوبارہ الیکشن نہ جیتوں اور اس مقصد کیلئے وہ۔۔۔"امریکی صدر آخر کار کھل کرسامنے آگئے

"چین چاہتا ہے کہ میں دوبارہ الیکشن نہ جیتوں اور اس مقصد کیلئے وہ۔۔۔"امریکی ...

  

واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین کیخلاف کھل کر میدان میں آگئے۔ اوول آفس میں برطانوی خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا ہے کہ چین چاہتا ہے کہ وہ (ٹرمپ)دوبارہ الیکشن نہ جیتیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کی جانب سے کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کا طریقہ اس بات کا واضح ثبوت ہےکہ چین اس مقصد کیلئے کچھ بھی کرنے کو تیار ہے۔

امریکا میں نومبر 2020میں صدارتی انتخابات ہونے جارہے ہیں جس میں کامیابی کیلئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پرعزم ہیں تاہم اس بار ان کی جماعت نے تمام توپوں کے رخ چین کی جانب کررکھے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ کورونا وائرس کے حوالے سے چین سے مختلف انداز میں نمٹنے کے آپشنز پر غور کررہے ہیں اور وہ بہت کچھ کرسکتے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق امریکی صدر نے چین پر ایک ایسی وبا کے پھیلاوکاالزام لگایا ہے جس سے امریکا میں 60ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ اس کی معیشت بری طرح تباہ ہوئی ہے.

امریکا کو وائرس سے بچاو کیلئے کیے گئے اقدامات پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ چین کو اب دنیا کو اس وائرس کے پھیلاو کے حوالے سے بہت جلد بہت کچھ بتانا ہوگا۔

صدر ٹرمپ سے پوچھا گیاکہ کیا وہ اس ضمن میں چین پر ٹیرف لگا سکتے ہیں تو انہوں نے کہا "ان کے سامنے بہت سے آپشنز ہیں جو وہ کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا ہم دیکھ رہے ہیں کہ دراصل ہوا کیا ہے، چین مجھے ہرانے کیلئے  کچھ بھی کرگزرے گا۔مجھے یقین ہے کہ چین چاہتا ہے کہ میرے ڈیموکریٹک مخالف جوبائیڈن اس الیکشن میں کامیاب ہوں تاکہ وہ میرے دور میں بیجنگ پر بڑھنے والے تجارتی دباوکو کم کرسکے"۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ (چینی)عوامی تعلقات استعمال کرکے یہ ثابت کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ وہ معصوم ہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ  کیا گیا معاشی معاہدہ کورونا وائرس کی وجہ سے بری طرح متاثرہوا ہے۔

رائٹرز کے مطابق وائٹ ہاوس کے ایک سینیر عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایاہے کہ مار چ میں ٹرمپ اور شی جن پنگ جس معاہدے پر متفق ہوئے تھے وہ  بظاہر اب ختم ہوگیا ہے۔

مزید :

بین الاقوامی -کورونا وائرس -