حکومت پیٹرول می قیمت 50روپے لٹر کرنے کا اعلان کرے: حافظ نعیم الرحمن

  حکومت پیٹرول می قیمت 50روپے لٹر کرنے کا اعلان کرے: حافظ نعیم الرحمن

  

کراچی(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ لاک ڈاؤ ن کے باعث بڑھتے ہوئے مسائل اور عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے پیش نظر ملک میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کی جائیں، پیٹرول کی قیمت 50روپے فی لیٹر مقرر کی جائے اور دو ماہ کے بجلی کے بل مکمل طور پر معاف کیے جائیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کی وباء سے بچاؤ کے لیے ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن نے ہر شہری اور ہر طبقے کو متاثر کیا ہے لیکن متوسط و غریب اور عام دیہاڑی دار مزدور طبقہ شدید متاثر ہوئے ہیں۔ حکومتی اعلانات اور دعووں کے باوجود صنعتی اداروں سے ملازمین اور مزدوروں کو نکالا گیا ہے۔تنخواہیں روکی جا رہی ہیں اور بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔ ان حالات میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ حقیقی معنوں میں ریلیف کا انتظام کریں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان واضح طور پر نظر آرہا ہے اس لیے ضروری ہے کہ ملک کے اندر بھی تیل کی قیمتوں میں عوام کو بڑا ریلیف دیا جائے۔ پیٹرول کی قیمتیں 50روپے مقر ر کی جائیں۔ اس سے دیگر شعبوں اور اشیاء صرف کی قیمتوں میں بھی کمی پیدا ہو گی اور عام شہریوں کو بھی فائدہ ہو گا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران لوگوں کے مسائل اور مشکلات مسلسل بڑھتے جا رہے ہیں، حکومت نہ صرف پیٹرول کی قیمتیں کم کرے بلکہ عوا کے لیے بجلی کے بل بھی دو ماہ کے لیے مکمل طور پر معاف کیے جائیں تاکہ عوام کو کچھ تو ریلیف مل سکے۔

مزید :

صفحہ آخر -