پی ٹی وی ملتان کومکمل سنٹر کادرجہ دیاجائے، غلام فرید کوریجہ

  پی ٹی وی ملتان کومکمل سنٹر کادرجہ دیاجائے، غلام فرید کوریجہ

  

ملتان (سٹی رپورٹر)پی ٹی وی ملتان کو مکمل سنٹر کا درجہ دیا جائے اور بہاولپور پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ قائم کیا جائے۔ صحافیوں کے مطالبات کی حمایت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سرائیکستان صوبہ محاذ کے رہنماؤں خواجہ غلام فرید کوریجہ، کرنل (ر) (بقیہ نمبر41صفحہ7پر)

عبدالجبار خان عباسی، شوکت مغل، اکبر خان ملکانی، ظہور دھریجہ، عاشق بزدار اور مسیح اللہ خان جام پوری نے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز اور اطلاعات بارے وزیر اعظم کے معاون خصوصی جنرل عاصم سلیم باجوہ کی توجہ وسیب کے مسائل کی طرف دلاتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اور حکومت کی محاذ آرائی ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سطح پر آٹھارویں ترمیم کے خاتمے کی بات ہو رہی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ آئین سے جنرل ضیاء الحق کے دور کی اُس شق کا خاتمہ ہونا چاہئے جو کہ سرائیکی صوبے کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ ہم سرائیکستان صوبے کا مطالبہ کرنے کے ساتھ یہ بھی کہتے ہیں کہ وزارت اطلاعات میں نئی تبدیلی حکومت اور میڈیا کے درمیان محاذ آرائی کے خاتمے کا پیش ہونی چاہئے کہ اس سے ملک و قوم کا نقصان ہو رہا ہے۔ محاذ آرائی کرانے والوں کا بھی کھوج لگانا چاہئے کہ بعض مفاد پرستوں کی ذاتی اغراض نے مسئلے کو بہت گھمبیر بنا دیا ہے۔ یہ مسلمہ حقیقت ہے کہ موجودہ حکومت کے آنے کے بعد پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا میں معاشی بدحالی کا خوفناک بحران آیا ہے اور ایک اندازے کے مطابق اداروں میں چھانٹیوں اور برطرفیوں کے نتیجے میں ہزاروں عامل صحافی بیروزگار ہو چکے ہیں، پرنٹ و الیکٹرونک کے اشتہارات کی بندش اور صوبائی اور وفاقی حکومت کے ذمے اربوں روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی نے مسئلے کو گھمبیر بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو برسراقتدار لانے میں میڈیا نے اہم کردار ادا کیا (ن) لیگ کی طرف سے میڈیا پر الزام لگا کہ اس کا میڈیا ٹرائل ہو رہا ہے، الزام درست یا غلط، قطع نظر اس کے، حکومت کی تبدیلی عوام کو ریلیف کی صورت میں ملنی چاہئے، اس کے برعکس تکلیف کی صورت میں تبدیلی کا آنا نیک شگون نہیں ہے۔سرائیکی رہنماؤں نے کہا کہ میڈیا سے وابستہ افراد کا یہ کہنا غلط نہیں کہ میڈیا کو بالواسطہ طور پر جتنا موجودہ دور میں برباد کیا گیا ہے اتنا ظلم تو ضیاء الحق دَور میں بھی نہیں ہوا تھا، عمران خان کو فرصت ملے تو ان عیالدار صحافیوں سے پوچھیں جو ملازمتوں سے فارغ ہو کر گھر بیٹھے ہیں۔ایک فلسفی کا قول ہے کہ جسمانی قتل سے بھی بڑا جرم کسی انسان کا معاشی قتل ہے۔ موجودہ حکومت جو کہ ایک کروڑ ملازمتیں دینے کے دعوے پر برسراقتدار آئی ہے اُن کو صحافیوں کی بیروزگاری کے مسئلے پر بھی غور کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اطلاعات شبلی فراز اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی جنرل عاصم سلیم باجوہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دوسرے معاملات کے ساتھ ساتھ پی ٹی وی ملتان کو مکمل سنٹر کا درجہ دیں اور پی آئی ڈی بہاولپور آفس کے قیام کی منظوری دیں کہ یہ مسئلہ ہائیکورٹ کے واضح حکم کے باوجود سالہاسال سے لٹکا آرہا ہے۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -