الخدمت سستی روٹی کے ذریعے غریبوں کی مدد کر رہی ہے،حسین محنتی

  الخدمت سستی روٹی کے ذریعے غریبوں کی مدد کر رہی ہے،حسین محنتی

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کورونا کے ساتھ جینا سیکھنا پڑے گا،اس وبا سے ڈرنا،لڑنا نہیں بلکہ بچنا ہے اورڈرنا صرف اللہ کی ذات سے ہے۔ لاک ڈاؤن نے غریب اور سفید پوش طبقے کو سڑکوں پر لاکھڑا کیا ہے۔غریب اورمفلوک الحال طبقہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے نتیجے میں فاقہ کشی کا شکار ہو چکا ہے۔جماعت اسلامی نے حکومت کے ساتھ عوام کے مفاد کیلئے سو فیصد تعاون کیا لیکن حکومت کی نااہلی نے غریبوں کو بھوکا مار دیا ہے عوام دربدر ہوگئے ہیں اور ان کا کو ئی پرسان حال نہیں ہے۔فرسودہ اور ظالمانہ نظام نے غریبوں کو بھوکا مار دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت کی جانب سے کورنگی جے ایریا بس اسٹاپ پر "الخدمت سستی روٹی"تندور کے افتتاح کے موقع پر کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے امیر عبدالجمیل خان،جماعت اسلامی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا،نائب امیر عاشق علی خان،پبلک ایڈ کمیٹی کے صدر ماجد شیخ،ناظم علاقہ کورنگی شرقی محمد جلال خان،سابق یوسی ناظم محمد قاسم خان،ناظم حلقہ اقصیٰ محمد صالح خان نیازی،کاٹھیاواڑ برداری کے ر ہنما عثمان جت بلوچ،محمد اشرف،این ایل ایف کراچی کے جنرل سیکریٹری قاسم جمال ودیگر بھی موجود تھے۔محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ لاک ڈاؤن کو آج ایک ماہ سے زائد عرصہ ہوا چاہتا ہے۔کشمیر میں بھی یکم اگست سے لاک ڈاؤن ہے اور آج ایک چھوٹے سے اور نہ نظر آنے والے کیڑے نے دنیا کی تمام سپر طاقتوں کو ڈھیر کر دیا ہے ان کاغرور اور تکبر آج ملیا میٹ ہوچکاہے اوران کی تمام ٹیکنالوجی سائنس ایٹمی صلاحییتں سب خاک میں مل گئی ہیں اور آج ثابت ہوگیا ہے کہ سپر طاقت کوئی اور نہیں صرف اللہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آج وفاق کے پاس بارہ تیرہ سو ارب روپے موجود ہیں یہ پیسہ ایمان داری دیانت داری کے ساتھ خرچ کیا جائے اور لوگوں کے گھروں میں راشن پانی اور امدادی رقم پہنچا کرکرفیو بھی لگا دیا جاتا تو عوام یہ سب برداشت کر لیتے۔آج وفاق اور سندھ گورنمنٹ کی نااہلی کی وجہ سے در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔جماعت اسلامی نے عوام کے مفاد میں حکومت کے ساتھ سو فیصد تعاون کیا لیکن اس کا کو ئی فائدہ عوام کو نہیں پہنچا آج غریب لوگ راشن کے چکر میں فقیر بنے ہوئے ہیں اور کوئی مدد نہیں کر رہا ہے۔سارے وسائل طاقت حکومت کے پاس ہے۔الخدمت ودیگر رفاحی ادارے اپنی بساط کے مطابق عوام کی خدمت کرتے ہیں لیکن یہ حکومت کا نعم البدل نہیں ہوسکتے۔وفاق اور سندھ حکومت حکمت کے ساتھ کام کرتے تو آج غریبوں کو سڑکوں پر نہ آنا پڑھتا۔وسائل کا رونا رونے والے کراچی کے عوام کو اور کب تک بے وقوف بناتے رہینگے۔عوام بھی اب ہوش کے ناخن لیں اور اپنے دوست دشمن کی تمیز کریں آج کراچی کے عوام کا ناونہاد مینڈنٹ حاصل کرنے کے دعویدار مصیبت کی اس گھڑی میں سب غائب ہیں۔الخدمت اور جماعت اسلامی کے کارکنان اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر عوام کی خدمت کیلئے میدان عمل میں نکلے ہیں اور اس وقت پورے پاکستان میں ایک لاکھ سے زیادہ الخدمت کے کارکنا ن عوام کے ریلیف کے لئے کام کر رہے ہیں اور ہم یہ کام خالص اللہ کی رضا اور بندگان خدا کی خدمت کیلئے کر رہے ہیں۔امیر ضلع عبدالجمیل خان نے کہا کہ کراچی کی مضافاتی اور غریب بستیاں لاک ڈاؤن میں شدید متاثر ہوئی ہیں اور سفید پوش طبقہ بھوکا مر تو جائے گا لیکن کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلائے گا۔الخدمت نے سستی روٹی تندورکھول کر ان سفید پوش لوگوں کو عزت کے ساتھ زندہ رہنے اور اپنی بیوی بچوں کا پیٹ بھرنے کا ایک سہارا مہیا کیا ہے۔کورنگی ضلع میں یہ تیسرا الخدمت سستا روٹی تندور ہے ان شاء اللہ ہم کورنگی میں ہم ہر یوسی کی سطح پر اس طرح کے تندور لگائے گے تاکہ غریب لوگ عزت کے ساتھ اپنا گزر بسر کر سکے۔ناظم حلقہ صالح خان نیازی نے کہا کہ الخدمت سستا تندور میں پانچ روپے میں روٹی فروخت کی جائے گی۔ہم کاٹھیاواڑ برادی اور الھانی ہوٹل کی انتطامیہ کے انتہائی شکر گزار ہیں کہ انھوں نے اپنا پوارا سیٹ اپ الخدمت کے حوالے کردیا ہے۔

مزید :

صفحہ اول -